تلنگانہ پولیس کانسٹیبل بھرتی میں نقلی سرٹیفکیٹس کا انکشاف ، 59 امیدواروں پر مقدمہ درج

تلنگانہ پولیس بھرتی میں نقلی سرٹیفکیٹس کا انکشاف، 59 امیدواروں پر مقدمہ درج
حیدرآباد: تلنگانہ پولیس کانسٹیبل بھرتی میں نقلی سرٹیفکیٹس کے استعمال کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ محکمہ پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ کم از کم 59 امیدوار جعلی بونا فائیڈ سرٹیفکیٹس (Fake Bonafide Certificates) کے ذریعے منتخب ہوکر ملازمتوں میں شامل ہوگئے تھے۔
اطلاعات کے مطابق حال ہی میں سی سی ایس پولیس نے ان امیدواروں کے خلاف مقدمات درج کرلیے ہیں۔ محکمے نے فوری طور پر ان کی ٹریننگ روک دی ہے اور مزید قانونی کارروائی کی تیاری کی جا رہی ہے۔
یہ معاملہ 2022 کے بھرتی نوٹیفکیشن سے جڑا ہوا ہے، جس کے تحت امیدواروں کا انتخاب کیا گیا تھا۔ حیرت انگیز طور پر جعلی سرٹیفکیٹس جمع کروانے والوں میں سے 54 افراد براہِ راست کانسٹیبل کے طور پر منتخب ہوگئے تھے۔
عام طور پر اگر دیگر محکموں میں جعلی دستاویزات سامنے آئیں تو پولیس ایسے امیدواروں کو گرفتار کرتی ہے، مگر اس بار خود پولیس محکمے کے اندر ہی بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی سامنے آنا ایک سنگین معاملہ ہے، جس نے پورے محکمہ کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔