حیدرآباد ۔ موسی رام باغ پل کے پاس 10 فٹ بلندی سے بہہ رہا ہے پانی

حیدرآباد ۔ حیدرآباد کے موسی رام باغ علاقے میں موسی ندی کا بہاؤ تیزی سے بڑھتا جا رہا ہے۔اطلاعات کے مطابق موسی رام باغ پل کے اوپر پر سے تقریباً 10 فٹ اونچائی تک خطرناک انداز میں بارش کا پانی بہہ رہا ہے جو عوام اور ٹریفک کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔
موسی ندی میں پانی کے شدید بہاؤ کے سبب قریبی علاقے میں زیرِ تعمیر نیا پل بھی متاثر ہو رہا ہے۔ موسی ندی کا زور دار بہاؤ زیرِ تعمیر پل کو چھوتا ہوا گزر رہا ہے جس کے نتیجے میں پل کا تعمیراتی مٹیریل اور دیگر سامان بہہ گیا ہے۔
ندی کے کنارے واقع نشیبی علاقے پانی میں ڈوب چکے ہیں جس سے مقامی افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حکام کی جانب سے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر قائم کیے گئے راحت کیمپس میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ندی کے قریب نہ جائیں اور حکومت کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی قسم کے جانی نقصان سے محفوظ رہا جا سکے۔