قطر میں تلنگانہ جاگروتی کی جانب سے بتکماں جشن – کے کویتا کی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت

قطر میں تلنگانہ کی ثقافت بتکماں کی جھلک
کے کویتا کی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت
والدین اور اہل خانہ سے دور افراد سے جذباتی خطاب
قطر میں تلنگانہ کی ثقافت کو اجاگر کرنے والی بتکماں تقاریب نہایت شاندار پیمانے پر منعقد ہوئیں۔ ان تقاریب کا اہتمام تلنگانہ جاگروتی قطر شاخ کی جانب سے کیا گیا، جن میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے شرکت کی۔
قطر میں مقیم تلنگانہ کے عوام بڑی تعداد میں شریک ہو کر اپنے تہذیبی ورثہ کا مظاہرہ کیا۔ کویتا نے قطر کی تلنگانہ خواتین کے ساتھ بھرپور جوش و خروش کے ساتھ بتکماں کھیلا۔اس موقع پر کلواکنٹلہ کویتا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے بچے کہتے ہیں کہ روزگار کی تلاش میں ہمیں اپنے گھروں کو چھوڑ کر دبئی، قطر آنا پڑا۔ یہاں آنے والوں کی مشکلات ہمیں معلوم ہیں۔
والدین اور اہل خانہ سے دور رہتے ہوئے زندگی گزارنا اور پھر اپنی تنخواہ میں سے کچھ حصہ بچا کر گھر بھیجنا آسان نہیں۔ آپ کے دلوں میں جو غم ہے ہم اسے سمجھتے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ وہ غم دور ہو۔ جلد ہی وہ دن آئے جب آپ سب تلنگانہ واپس لوٹ سکیں یا یہیں رہ کر بھی بہتر زندگی گزار سکیں۔جب بھی کوئی تہوار آتا ہے تو آپ اپنے خاندان کو یاد کرتے ہیں۔
میرے دل کو بھی تکلیف اور دکھ ہے، لیکن زندگی میں کچھ مواقع ایسے آتے ہیں جب جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔ چاہے اپنا ہو یا غیر، دیکھنا یہ ہے کہ انصاف اور دھرم کس طرف ہے۔ آپ دل پر کوئی بوجھ نہ رکھیں۔ ہمارا حال چاہے کچھ بھی ہو، ہمارا مقصد صرف تلنگانہ کے عوام کی بھلائی، ان کے حقوق کا تحفظ اور تلنگانہ کے عوام کے لئے مسلسل جدوجہد ہے۔