تلنگانہ
چیف منسٹر ریوَنت ریڈی کا اعلان: والدین کی خدمت نہ کرنے والے ملازمین کی تنخواہ میں 10 فیصد رقم کی کٹوتی

تلنگانہ کے چیف منسٹر ریوَنت ریڈی نے ریاستی ملازمین کو سخت انتباہ دیا ہے کہ اگر وہ اپنے والدین کی دیکھ بھال میں لاپرواہی برتیں تو ان کی تنخواہ سے 10 فیصد رقم کٹوتی کی جائے گی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اس سلسلہ میں خصوصی قانون بنایا جائے گا اور کٹوتی کی گئی رقم براہِ راست والدین کے بینک کھاتے میں جمع کی جائے گی۔ریونت ریڈی نے یہ اعلان حیدرآباد کے مادھا پور میں شلپا کلا ویدیکا پر گروپ-1 کامیاب امیدواروں کو تقرر نامے حوالے کرنے کی تقریب میں کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ والدین اپنی اولاد کے مستقبل کے لئے سب کچھ قربان کرتے ہیں، لہٰذا انہیں نظرانداز کرنا کسی صورت درست نہیں۔ اس تقریب میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا، وزراء پونم پربھاکر، جوپلی کرشنا راؤ، واکٹی سری ہری، پی سرینواس ریڈی اور چیف سیکریٹری رام کرشنا راؤ بھی موجود تھے۔