امریکہ۔ ساحلی علاقے میں ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار

نئی دہلی ۔ امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا کے جنوبی علاقے میں واقع ایک ساحلی مقام پر اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک ہیلی کاپٹر سب کے سامنے اچانک گر کر تباہ ہو گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق ہیلی کاپٹر بظاہر معمول کے مطابق پرواز کر رہا تھا، لیکن اچانک اُس کا توازن بگڑ گیا اور وہ فضا میں چکر کھاتے ہوئے نیچے گرنے لگا۔ کچھ ہی لمحوں بعد، وہ قریب موجود درختوں سے ٹکرا کر زور دار آواز کے ساتھ زمین پر آ گرا۔
حادثے کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار دو افراد اور زمین پر موجود تین دیگر افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
یہ ہولناک مناظر وہاں موجود کئی افراد نے اپنے موبائل فونز میں قید کر لیے، جن کی ویڈیوز اب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ خوش قسمتی سے حادثہ اتنا شدید ہونے کے باوجود کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔