تلنگانہ

امید پورٹل پر وقف جائیدادوں کا لازمی رجسٹریشن کریں قانون وقف کے خلاف اور SIR کے بارے میں شعور بیدار کرنے یونائٹیڈ مسلم فورم کی اپیل 

امید پورٹل پر وقف جائیدادوں کا لازمی رجسٹریشن کریں

قانون وقف کے خلاف اور SIR کے بارے میں شعور بیدار کرنے یونائٹیڈ مسلم فورم کی اپیل 

 

حیدرآباد 5 نومبر (پریس نوٹ) یونائٹیڈ مسلم فورم نے متولیان، انتظامی کمیٹیوں کے ذمہ داران، سجادگان اور وقف کا تحفظ کرنے والے اداروں و درد مند ملی شخصیتوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اوقافی جائیدادوں کو امید پورٹل پر درج کروائیں۔

 

یونائٹیڈ مسلم فورم نے ملک میں دستور کے تحت اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور قانون وقف 2025 کے خلاف عوامی شعور بیداری پر زور دیا۔ فورم کے ذمہ داران مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم (صدر)، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری، مولانا سید شاه حسن ابراهیم حسینی قادری سجاد پاشاہ، مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی، مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ، جناب ضیا الدین نیئر، جناب سید منیر الدین احمد مختار (جنرل سکریٹری)، مولانا سید شاہ ظہیرالدین علی صوفی قادری، مولانا سید شاہ فضل الله قادری الموسوی، مولانا محمد شفیق عالم خان جامعی، مولانا سید مسعود حسین مجتہدی، مولانا مفتی محمد عظیم الدین انصاری، مولانا سید احمد الحسینی سعید قادری، مولانا سید تقی رضا عابدی، مولانا ابوطالب اخباری، مولانا میر فراست علی شطاری ایڈوکیٹ سپریم کورٹ، مولانا عمر عابدین قاسمی مدنی، جناب ایم اے ماجد، مولانا ڈاکٹر خواجہ شجاع الدین افتخاری حقانی پاشاه، مولانا ظفر احمد جمیل حسامی، مولانا سید وصی الله قادری نظام پاشاه، مولانا سید شیخن احمد قادری شطاری کامل پاشاہ، مولانا مکرم پاشاه قادری تخت نشین، مولانا مفتی معراج الدین علی ابرار، مولانا عبدالغفار خان سلامی، جناب بادشاہ محی الدین، ڈاکٹر نظام الدین، جناب شفیع الدین ایڈوکیٹ، جناب ضیاء الدین آرکٹکٹ، مولانا سید قطب الدین حسینی صابری، مولانا زین العابدین انصاری، ڈاکٹر محمد مشتاق علی، جناب نعیم صوفی اور جناب خلیل الرحمٰن اور دیگر ذمہ داروں نے اپنے مشترکہ

 

بیان میں کہا کہ نئے وقف قانون کے تحت مرکزی حکومت نے اوقافی جائیدادوں کو امید پورٹل میں درج کروانے کو لازمی قرار دیا ہے، حالانکہ قانون وقف 2025 کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواستیں زیرالتواء ہیں، اس ضمن میں عدالت نے عبوری فیصلہ دیا ہے، قطعی فیصلہ کا انتظار ہے ۔ حکومت کے عزائم کو دیکھتے ہوئے کوئی جوکھم نہ لیا جائے، بلکہ موقوفہ جائیدادوں کو بتائے گئے طریقہ کار کے مطابق اس امید پورٹل میں درج کیا جائے۔ امید پورٹل میں وقف جائیدادوں کے اندراج کے طریقہ کار سے واقف کروانے ریاستی وقف بورڈ کے عہدیداروں کے ساتھ مختلف تربیتی اجلاس منعقد کئے جارہے ہیں، تاکہ موثر رہنمائی ہوسکے

 

۔ اس سلسلہ کا ایک اہم اجلاس پیر 10 نومبر کو قادری چمن فلک نماء میں 10 بجے دن منعقد ہوگا۔ مختلف اداروں اور تنظیوں کی جانب سے اس طرح کے اجلاس منعقد کئے جارہے ہیں۔ فورم کے ذمہ داران نے وقف جائیدادوں سے متعلقہ افراد و نمائندوں سے اس اہم اجلاس میں شرکت کی خواہش کی ہے۔

 

وقف قانون 2025 کے خلاف آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے اپنی تجدیدی مہم کے ساتھ دہلی کے رام لیلا گراؤنڈ پر ایک عظیم الشان جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 16 نومبر کو منعقد ہونے والے اس جلسہ عام کے ذریعہ مسلم پرسنل لاء بورڈ شہریوں کو بیدار کرنا چاہتا ہے.

 

یونائٹیڈ مسلم فورم کے ذمہ داروں نے ملک کی 12 ریاستوں و مرکزی زیرانتظام علاقوں میں فہرست رائے دہندگان کی مخصوص و جامع نظر ثانی کے ضمن میں شہریوں سے خواہش کی ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جو (SIR) کا 4 نومبر سے آغاز ہوچکا ہے، اس کا سلسلہ 4 دسمبر تک جاری رہے گا، اس دوران انتخابی فہرستوں میں اپنے ارکان خاندان اور اطراف پڑوسیوں کے ناموں کے اندراج کے لئے چوکسی اختیار کریں۔

 

فورم کے زمہ داروں نے امید پورٹل اور قانون وقف کے خلاف آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی تجدیدی مہم اور SIR کے بارے میں عوامی شعور کو بیدار کرنے عوامی شخصیتوں، جہدکاروں آئمہ مساجد و خطیب صاحبان سے اپیل کی ہے۔

 

فورم کے جانب سے آئمہ مساجد و خطیب صاحبان سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جمعہ کے خطبات میں ان موضوعات کا احاطہ کریں۔ اس کے علاوہ دینی اجلاس، جلسہ عام و دیگر نشستوں میں بھی ان موضوعات پر روشنی ڈالتے ہوئے عوامی شعور کو بیدار کریں۔

 

یونائٹیڈ مسلم فورم نے مولانا حافظ پیر شبیر احمد صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھراپردیش کے سانحہ ارتحال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعا کی۔ فورم کے ذمہ داروں نے کہا کہ مولانا حافظ پیر شبیر احمد ایک انتہائی نیک، بردبار، اعلی ظرف کی حامل دوراندیش، ملت کا درد رکھنے والی شخصیت تھی۔ اللہ عزوجل، ملت کو ان کا بہترین نعم البدل عطا کرے۔

 

یونائٹیڈ مسلم فورم نے حالیہ عرصہ میں ملک کے مختلف علاقوں بالخصوص تلنگانہ و آندھراپردیش میں سڑک حادثات میں اموات پر افسوس کا اظہار کیا۔ فورم نے بڑھتے ہوئے سڑک حادثات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، اس طرح کے واقعات کے تدارک کے لئے ایک جامع پالیسی مدون کرنے کی مرکز و ریاستی حکومتوں کو تجاویز پیش کی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button