تلنگانہ

مولانا آزاد کے یوم پیدائش پر اردو اکیڈیمی کی شاندار تقریب، ممتاز شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا گیا

مولانا آزاد کے یوم پیدائش پر اردو اکیڈیمی کی شاندار تقریب، ممتاز شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا گیا

 

حیدرآباد: تلنگانہ اردو اکیڈیمی نے مولانا ابوالکلام آزاد کے یومِ پیدائش کے موقع پر “یومِ اقلیتی بہبود و قومی یومِ تعلیم” نہایت شاندار انداز میں منایا۔ تقریب رویندر بھارتی میں منعقد ہوئی جہاں ریاستی وزیر برائے اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین اور مشیرِ حکومت محمد علی شبیر نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔

 

مولانا ابوالکلام آزاد ایوارڈ برائے سال 2024ء اور 2025ء ایم ایس ایجوکیشن گروپ کے صدرنشین محمد لطیف خان اور ممتاز شاعر و ادیب ڈاکٹر محسن جلگانوی کے نام رہا۔ اس ایوارڈ میں دو لاکھ پچیس ہزار روپے نقد رقم، توصیف نامہ اور مومنٹو شامل تھا۔

 

دکن کے انقلابی شاعر مخدوم محی الدین کی یاد میں دیا جانے والا “مخدوم ایوارڈ” سال 2025 کے لیے معروف شاعر مصحف اقبال توصیفی کو عطا کیا گیا، جس میں دو لاکھ روپے نقد رقم، توصیف نامہ اور مومنٹو شامل تھا۔

 

اردو اکیڈیمی کی اسکیم “کارنامہ حیات ایوارڈ” کے تحت دو سال (2024 اور 2025) کے لیے مجموعی طور پر 14 ممتاز شخصیات کو اعزازات دیے گئے۔ ہر ایوارڈ کے ساتھ 50 ہزار روپے نقد، توصیف نامہ اور مومنٹو شامل تھا۔

 

سال 2025 کے ایوارڈز میں صحافت کے شعبہ میں محبوب حسین جگر ایوارڈ ڈاکٹر محمد شجاع الدین افتخاری (روزنامہ اعتماد) کو ملا، شاعری میں امجد حیدرآبادی ایوارڈ مسعود مرزا محشر کو، سعید شہیدی ایوارڈ مجتبیٰ فہیم کو، فکشن میں آغا حیدر حسن ایوارڈ محمد عبدالمجید صدیقی کو، تحقیق و تنقید میں محی الدین قادری زور ایوارڈ ڈاکٹر ناظم الدین منور کو، تعلیم و تدریس میں پروفیسر حبیب الرحمن ایوارڈ ڈاکٹر عبدالعزیز سہیل کو، جبکہ فروغِ اردو کے لیے سری نواس لاہوٹی ایوارڈ فہمیدہ بیگم کو دیا گیا۔

 

اس سال پہلی بار “سوشیل اینڈ ڈیجیٹل میڈیا اردو” کا زمرہ شامل کیا گیا، جس میں منظورالامین ایوارڈ ابو ایمل کو دیا گیا۔

 

سال 2024 کے لیے شاعری میں امجد حیدرآبادی ایوارڈ محمد احمد واحد نظام‌آباد کو، سعید شہیدی ایوارڈ ظفر فاروقی کو، فکشن میں آغا حیدر حسن ایوارڈ ضامن علی حسرت کو، تحقیق و تنقید میں محی الدین قادری زور ایوارڈ پروفیسر آمنہ تحسین کو، تعلیم و تدریس میں پروفیسر حبیب الرحمن ایوارڈ سید نوید اختر کو، صحافت میں محبوب حسین جگر ایوارڈ سید جلیل اظہر کو، اور فروغِ اردو کے لیے سری نواس لاہوٹی ایوارڈ محمد حسام الدین کو پیش کیا گیا۔

 

تقریب کے دوران مقررین نے مولانا ابوالکلام آزاد کے تعلیمی نظریات اور ان کی قومی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی قوم کی ترقی کی بنیاد ہے، اور اردو زبان کے فروغ کے لیے حکومت کی یہ کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔پروفیسر ایس اے شکور سابق ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی نے شکریہ ادا کیا

متعلقہ خبریں

Back to top button