تلنگانہ

حیدرآباد کے ڈاکٹر سید احمد محی الدین کے مکان میں گجرات اے ٹی ایس کی آدھی رات کو تلاشی – گھر والوں کی وضاحت

حیدرآباد کے ڈاکٹر سید احمد محی الدین کے گھر گجرات اے ٹی ایس کی آدھی رات کارروائی، گھر والوں کی وضاحت

 

دہشت گردی کے الزامات کے تحت گرفتار حیدرآباد کے ڈاکٹر سید احمد محی الدین کے مکان میں منگل کی نصف شب گجرات اے ٹی ایس نے تلاشی لی ۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق راجندر نگر کے فورتھ ویو کالونی میں واقع سید کے مکان پر پانچ رکنی خصوصی ٹیم نے، جو ایک ایڈیشنل ایس پی کے زیرِ قیادت تھی، ڈیڑھ گھنٹے تک تلاشی لی۔

 

اس دوران اے ٹی ایس ٹیم نے تین اقسام کے مائع کیمیکل، ایک کمپیوٹر، مختلف کتابیں، تیل بنانے والی مشین اور کئی اہم دستاویزات ضبط کیں۔ پولیس نے ڈاکٹر محی الدین کے بھائی عمر فاروقی کو نوٹس دینے کے بعد سرچ آپریشن انجام دیا۔

 

عمر فاروقی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے گھر میں منگل کی آدھی رات کو ہی اے ٹی ایس کی تلاشی ہوئی تھی، اور فی الحال کوئی نئی کارروائی نہیں ہو رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہمارے گھر پر ایک ہی بار چھاپہ پڑا، اس کے بعد ٹیم گجرات واپس چلی گئی۔

 

عمر فاروق نے مزید بتایا کہ ان کے بھائی احمد محی الدین کا "گیلکسی” نامی شاورما ہوٹل راجندر نگر کے پِلر نمبر 122 کے قریب ہے، جہاں بھی پولیس نے اسی رات دھاوا کیا ۔ انھوں نے بتایا کہ انہیں اپنے بھائی کی ٹیکنالوجی کے استعمال یا سوشل میڈیا سرگرمیوں کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔

 

پولیس نے تاحال اس معاملے پر باضابطہ بیان جاری نہیں کیا، تاہم اس کارروائی کے بعد مقامی سطح پر سنسنی پھیل گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button