تلنگانہ

وقف جائیدادوں کے تحفظ کے لئے "امید پورٹل” پر فوری رجسٹریشن کرائیں، 6 دسمبر آخری تاریخ ؛ جمعہ کی نماز سے قبل شعور بیداری مہم چلائیں : سید عظمت اللہ حسینی

وقف جائیدادوں کے تحفظ کے لیے "امید پورٹل” پر فوری رجسٹریشن کرائیں، 6 دسمبر آخری تاریخ: سید عظمت اللہ حسینی

 

تلنگانہ وقف بورڈ کے چیئرمین جناب سید عظمت اللہ حسینی نے ملت کے ذمہ داران، متولیانِ اوقاف، اور مساجد و مدارس کے منتظمین سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اپنی تمام اوقافی جائیدادیں، مساجد، مدارس، درگاہیں، قبرستانیں اور دیگر وقف املاک کو "امید پورٹل” پر 6 دسمبر سے قبل رجسٹر کرائیں تاکہ ان کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

 

انہوں نے کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے بھی اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور اندراج کے سلسلے میں خاص توجہ دلائی ہے، لہٰذا تمام ملی تنظیموں، جماعتوں اور اداروں کے ذمہ داروں کو اس اہم ملی فریضہ میں سرگرم کردار ادا کرنا چاہیے۔

 

سید عظمت اللہ حسینی نے واضح کیا کہ خصوصاً دیہی علاقوں اور اضلاع میں اوقافی جائیدادوں کی حفاظت کے لیے بیداری پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملت کے ہر فرد پر لازم ہے کہ وہ اوقافی اداروں کے ذمہ داروں کی رہنمائی کرے، ان کی حوصلہ افزائی کرے اور وقف جائیدادوں کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرے۔

 

چیئرمین وقف بورڈ نے مزید کہا کہ اگر "امید پورٹل” پر رجسٹریشن کے سلسلے میں کسی کو کوئی دشواری پیش آئے تو وہ بلا جھجک وقف بورڈ کے ذمہ داران سے رابطہ کریں، تاکہ ان کی مکمل رہنمائی کی جا سکے۔

 

انہوں نے بتایا کہ 6 دسمبر پورٹل میں اوقافی جائیدادوں کے اندراج کی آخری تاریخ ہے، اس لیے تمام متولیان اور ذمہ داران فوری طور پر اندراج مکمل کریں۔

 

سید عظمت اللہ حسینی نے یہ بھی اعلان کیا کہ کل جمعہ سے شروع ہو کر آئندہ تین جمعہ تک مساجد میں جمعہ کی نماز سے قبل شعور بیداری مہم چلائی جائے گی تاکہ عوام میں وقف جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلے میں آگاہی پیدا کی جا سکے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button