آئی پی ایل 2026 منی نیلامی: کیمرون گرین نے توڑا ریکارڈ، 25.20 کروڑ میں کولکتہ کی جھولی میں
آئی پی ایل 2026 کی نیلامی شروع ہو گئی ہے۔ توقع کے مطابق آسٹریلیا کے بیٹنگ آل راؤنڈر کیمرون گرین نے سب سے زیادہ توجہ حاصل کی۔ دو کروڑ روپے کی بنیادی قیمت رکھنے والے گرین کو حاصل کرنے کے لیے پہلے کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور راجستھان رائلز کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا، بعد میں چنئی سپر کنگز بھی اس دوڑ میں شامل ہو گئی۔ آخرکار کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے 25 کروڑ 20 لاکھ روپے کی خطیر رقم ادا کرکے کیمرون گرین کو اپنی ٹیم میں شامل کر لیا۔
اس کے ساتھ ہی کیمرون گرین آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے مہنگے غیر ملکی کھلاڑی بن گئے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ 2024 میں مچل اسٹارک کے نام تھا، جنہیں کولکاتا نائٹ رائیڈرز نے 24 کروڑ 75 لاکھ روپے میں خریدا تھا۔
اب گرین نے اس ریکارڈ کو توڑ دیا ہے۔ مجموعی طور پر آئی پی ایل کی تاریخ میں کیمرون گرین تیسری سب سے زیادہ قیمت پانے والے کھلاڑی ہیں۔ اس فہرست میں پہلے نمبر پر رشبھ پنت (27 کروڑ روپے، لکھنؤ سپر جائنٹس) اور دوسرے نمبر پر شریاس آئیر (26 کروڑ 75 لاکھ روپے، پنجاب کنگز) موجود ہیں۔
موجودہ نیلامی میں جنوبی افریقہ کے بلے باز ڈیوڈ ملر کو ان کی بنیادی قیمت دو کروڑ روپے میں دہلی کیپیٹلز نے خریدا۔ جبکہ نیوزی لینڈ کے بلے باز ڈیون کونوے (بنیادی قیمت دو کروڑ روپے)، آسٹریلیا کے بلے باز جیک فریزر میک گرک (بنیادی قیمت دو کروڑ روپے) اور بھارتی بلے باز پرتھوی شا اور سرفراز خان (بنیادی قیمت 75 لاکھ روپے) نیلامی میں ان سَولڈ رہ گئے۔



