عوام اس پیغام پر یقین نہ کریں ورنہ موبائل ہیک ہوسکتا ہے۔ حیدرآباد پولیس کا مشورہ

نقلی ای چالان کے نام سے لوگوں کو دھوکہ دینے کی کوشش۔ عوام چوکس رہیں پولیس کا مشورہ
حیدرآباد: حیدرآباد سٹی سائبر کرائم پولیس عوام کو مطلع کرتی ہے کہ نقلی ای۔چالان (e-Challan) ادائیگی لنکس کے ذریعے سائبر فراڈ کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے جو SMS اور WhatsApp پیغامات کے ذریعہ پھیلائے جا رہے ہیں۔
نامعلوم سائبر دھوکہ باز عوام کو گمراہ کرنے کے لیے یہ پیغامات بھیج رہے ہیں کہ گاڑی کے ٹریفک چالان بقایا ہیں اور فراہم کردہ لنک کے ذریعے فوری ادائیگی کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ یہ نقلی لنکس اس انداز میں تیار کیے گئے ہیں کہ وہ سرکاری ویب سائٹس سے بہت مشابہ دکھائی دیتے ہیں
جس کے باعث لوگ دھوکے میں آ جاتے ہیں۔نقلی لنک پر کلک کرنے کے بعد صارفین سے گاڑی کا رجسٹریشن نمبر درج کرنے کو کہا جاتا ہے جس کے بعد چالان کی رقم ظاہر کی جاتی ہے۔ جیسے ہی متاثرہ افراد ادائیگی کے عمل کو مکمل کرتے ہیں ان کے موبائل فون میں خطرناک سافٹ ویئر (مالویئر) انسٹال ہو جاتا ہے
یا ان کی بینکنگ معلومات ہیک ہو جاتی ہیں،جس کے نتیجے میں بغیر اجازت مالی لین دین انجام پاتا ہے اور موبائل ہیکنگ کے واقعات پیش آتے ہیں۔



