حیدرآباد پرانا پل واقعہ ایک ملزم گرفتار ، واقعہ پر پولیس کا تفصیلی بیان

حیدرآباد۔ شہر کے علاقہ پرانا پل میں چہارشنبہ اور جمعرات کی رات پیش آئے واقعہ پر پولیس نے تفصیلی بیان جاری کیا ہے۔ پولیس کے مطابق پرانے پل دروازہ میں واقع مندر میں پیش آنے والے واقعہ کے بعد پولیس نے صورتحال پر مکمل قابو پا لیا ہے۔
چہارشنبہ اور جمعرات کی درمیانی شب 14 جنوری 2026 کو تقریباً رات 11:30 بجے ایک نامعلوم شخص مندر میں داخل ہوا اور مندر کے برآمدے میں نصب فلیکسی بینر اور پی او پی (پلاسٹر آف پیرس) مورتی کو جزوی طور پر نقصان پہنچایا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کاماٹی پورہ پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ مقام واقعہ سے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد حاصل کیے گئے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ اس واقعہ کے بعد تقریباً 300 افراد پر مشتمل ایک ہجوم جمع ہو گیا جس نے قریب واقع ایک چِلہ مبارک کو نقصان پہنچایا اور امن و امان بحال کرنے کی کوشش کرنے والے پولیس ملازمین پر حملہ کر دیا۔ اس پرتشدد واقعہ میں چار پولیس ملازمین شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس پر حملے اور مذہبی مقام کو نقصان پہنچانے کے معاملے میں علیحدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج اور ویڈیوز کی مدد سے ملزمین کی شناخت کر لی گئی ہے اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پولیس حکام نے وضاحت کی ہے کہ اس واقعہ میں صرف مندر کے برآمدے میں نصب فلیکسی بینر اور پی او پی مورتی کو جزوی نقصان پہنچا ہے جبکہ مندر میں موجود مورتیاں مکمل طور پر محفوظ ہیں اور ملزم مندر کے اندرونی حصے میں داخل نہیں ہوا۔ مورتی کو نقصان پہنچانے کی افواہیں بے بنیاد اور جھوٹی ہیں۔
حیدرآباد پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور امن و امان برقرار رکھنے میں پولیس کا تعاون کریں۔ پولیس کے مطابق علاقے میں صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلانے والوں اور قانون کو اپنے
ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اسی دوران جمعرات کی رات پولیس کی جانب سے مندر کے احاطہ میں موجود پی او پی کی مورتی اور فلیکسی کو جزوی طور پر نقصان پہنچانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔



