ایران پر اسرائیل کے مہلک میزائل حملے، تہران دھماکوں سے گونج اٹھا — خطے میں جنگ کا خطرہ منڈلانے لگا
ایٹمی معاہدے کے معاملے پر امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران مشرقِ وسطیٰ میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اسرائیل نے ایران پر میزائل حملے کئے ہیں۔
دارالحکومت تہران میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد مختلف علاقوں میں دھواں پھیل گیا۔ اسرائیل نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی "شیلڈ آف جوڈا” کے نام سے انجام دی گئی۔ اسرائیلی وزیرِ خارجہ کٹج نے ایک بیان میں کہا کہ دشمن ملک کی جانب سے ممکنہ خطرے کو ٹالنے کیلئے یہ پیشگی حملے کئے گئے۔
اطلاعات کے مطابق ایران کے صدر مسود کی رہائش گاہ اور انٹیلیجنس ہیڈکوارٹر سمیت تقریباً 30 مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔
صورتحال کے پیشِ نظر اسرائیل نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے عوام کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔ تل ابیب سمیت کئی علاقوں میں سائرن بجائے گئے جبکہ اسکولوں اور دفاتر کو بند رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان حملوں میں امریکہ کی مدد بھی شامل ہوسکتی ہے، تاہم اس کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی گئی۔ تازہ کشیدگی کے باعث اسرائیل نے اپنی فضائی حدود شہری پروازوں کیلئے بند کردی ہے، جبکہ ایران اور Iraq نے بھی اپنی فضائی حدود عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایران میں موبائل فون خدمات بھی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔ خطے میں حالات مزید کشیدہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔



