انٹر نیشنل

پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں ہوا زبردست اضافہ

نئی دہلی: پاکستان کی حکومت نے مغربی ایشیا میں بڑھتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 55 پاکستانی روپے کا بڑا اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔بین اقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزراء نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اس فیصلے کا اعلان کیا۔

 

کہا جارہا ہے کہ یہ فیصلہ بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کیا گیا ہے۔دوسری جانب (آئی ایم ایف) نے بھی پاکستان سے فوری طور پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ مطالبہ پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف کے وفد کے درمیان ہونے والی ورچوئل مذاکرات کے دوران کیا گیا۔

 

پاکستان میں یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب مغربی ایشیا میں کشیدگی بڑھنے کے باعث عالمی توانائی کی فراہمی کے بارے میں خدشات بڑھ گئے ہیں۔ پاکستان کے وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک نے عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55، 55 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا جا رہا ہے جس کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔

 

اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ’ہم غیر معمولی حالات سے گزر رہے ہیں۔ جو آگ ہمارے پڑوس میں شروع ہوئی تھی اس نے پورے خطے کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔‘ملک میں اب پٹرول کی نئی قیمت 321.17 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 335.86 روپے فی لیٹر ہے۔تاہم وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ یہ یقینی بنایا جائے گا کہ عالمی سطح پر قیمتیں جیسی ہی کم ہوتی ہیں تو یہ اضافہ واپس لے لیا جائے گا۔

 

اگرچہ انھوں نے یقین دہانی کروائی کہ ملک میں 28 روز کا ذخیرہ موجود ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں معلوم نہیں کہ یہ بحران کب تک جاری رہے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button