تلنگانہ

گیس سلنڈر بکنگ کروانے والے ہوشیار، ورنہ بینک اکاونٹ ہوجائے گا خالی۔ پولیس 

حیدرآباد: مشرق وسطیٰٰ میں جاری شدید کشیدگی کے پس منظر میں پکوان گیس سلنڈرس کی کمی کی تشویش کو سائبر مجرم اپنے فائدے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ آن لائن گیس کیلئے سرچ کرنے والے سادہ لوح افراد کو نشانہ بناتے ہوئے نئے طریقہ سے دھوکہ دیا جارہا ہے۔

 

سوشل میڈیا پر نقلی اشتہارات دے کر فوری سلنڈر ڈیلیوری کرنے اور اضافی سلنڈر فراہم کرنے کا لالچ دیا جا رہا ہے اور لوگوں کو دھوکہ دیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں حیدرآباد کے سٹی پولیس کمشنر وی․ سی․ سجنار نے عوام سے چوکس رہنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واٹس ایپ اور ایس ایم ایس کے ذریعے فرضی ویب سائٹ لنکس بھیج کر لوگوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔

 

سجنار نے خاص طور پر خبردار کیا کہ اگر ایسے پیغامات آئیں جن میں کہا جائے کہ آن لائن پہلے پیسے ادا کرنے پر گیس کی فوری اور یقینی فراہمی کی جائے گی تو عوام کو سمجھ لینا چاہیے کہ یہ یقینی طور پر سائبر فراڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی صورت میں ایسے مشتبہ لنکس پر کلک نہ کریں۔ سلنڈر بکنگ یا آن لائن ادائیگی کے لیے صرف گیس کمپنیوں کی سرکاری ویب سائٹس یا مجاز گیس ایجنسیوں ہی کا استعمال کریں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ پرکشش آفرز دیکھ کر کسی نامعلوم شخص کے ساتھ اپنے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات، او ٹی پی یا یو پی آئی پن ہرگز شیئر نہ کریں۔ جعلی ویب سائٹس پر معلومات درج کرنے سے آپ کی ذاتی اور مالی معلومات سائبر مجرموں کے ہاتھ لگ سکتی ہیں اور آپ کے بینک اکاؤنٹس خالی ہونے کا خطرہ ہے۔

 

اگر کوئی شخص ایسے سائبر فراڈ کا شکار ہو جائے تو فوراً قومی سائبر کرائم ہیلپ لائن نمبر 1930 پر کال کریں یا cybercrime.gov.in ویب سائٹ پر شکایت درج کریں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button