اسرائیل پر حملہ میں 160 سے زیادہ زخمی ۔اسرائیلی ایمرجنسی سروسز کا بیان

نئی دہلی: انٹرنیشنل میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل میں ایمرجنسی سروسز کے حکام کا کہنا ہے کہ ایک جوہری تنصیب کے قریب ہونے والے ایرانی میزائل حملوں میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 160 سے زیادہ ہے۔
حکام نے بتایا کہ ایرانی میزائل حملے اسرائیل کے علاقے عراد اور دیمونا میں ہوئے تھے۔ان کا کہنا ہے کہ بیلسٹک میزائل حملوں میں 84 افراد عراد اور 78 افراد دیمونا میں زخمی ہوئے ہیں۔ یہ دونوں قصبے ایک اسرائیلی جوہری تنصیب کے قریب واقع ہیں۔
عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے مطابق اسے جوہری تحقیق کے اس مرکز کو نقصان پہنچنے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔یاد رہے کہ حملے کا نشانہ بننے والا دیمونا نامی قصبہ اسرائیلی جوہری تنصیب سے لگ بھگ 13 کلومیٹر دور واقع ہے۔
ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق یہ حملہ ایران کی نظر جوہری تنصیب پر مبینہ اسرائیلی حملے کے بعد ردعمل میں کیا گیا ہے۔



