تلنگانہ میں 28 مارچ کو نیشنل لوک عدالت — مفت اور فوری انصاف کا سنہری موقع

نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی کی ہدایات کے مطابق 28 مارچ کو ریاست تلنگانہ میں نیشنل لوک عدالت کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ لوک عدالت ہائی کورٹ سے لے کر تعلقہ سطح تک تمام عدالتوں میں منعقد ہوگی، جہاں ہر قسم کے دیوانی مقدمات اور قابلِ مصالحت فوجداری مقدمات (پری لٹیگیشن اور زیرِ التواء مقدمات) کا تصفیہ کیا جائے گا۔
یہ اقدام چیف جسٹس اور پیٹرن اِن چیف کی سرپرستی اور تلنگانہ اسٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے ایگزیکٹو چیئرمین کی رہنمائی میں انجام دیا جا رہا ہے۔ اس کے تحت ریاست بھر کی تمام عدالتوں میں مقدمات کو باہمی رضامندی سے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
لوک عدالت کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں مقدمات کے تصفیے کے لیے کوئی فیس نہیں لی جاتی۔ اگر کسی زیرِ سماعت مقدمے میں کورٹ فیس جمع کی گئی ہو اور وہ مقدمہ لوک عدالت میں حل ہو جائے تو وہ فیس واپس کر دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ لوک عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل بھی نہیں کی جا سکتی۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ 28 مارچ کو ہونے والی اس نیشنل لوک عدالت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنے مقدمات کو جلد اور آسان طریقے سے حل کروائیں۔ یہ سہولت فزیکل اور ورچوئل دونوں طریقوں سے دستیاب ہوگی۔



