انٹر نیشنل

ایران کبھی سر نہیں جھکائے گا، مسلح افواج مکمل طور پر تیار۔ امریکہ کو آیت اللہ خامنہ ای کی وارننگ

نئی دہلی ۔اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے واضح الفاظ میں متنبہ کیا ہے کہ اگر امریکہ نے ایران پر کوئی حملہ کیا تو اس کے نتائج نہ صرف شدید بلکہ ناقابل تلافی ہوں گے۔

 

ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر کیے گئے اپنے بیان میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج مکمل طور پر تیار ہیں اور پوری قوم اور قیادت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے امریکہ کی طرف سے ان کے قتل کی مبینہ دھمکیوں اور قابض اسرائیل کی جانب سے ایرانی عوام کو حکومت کے خلاف اُکسانے کی کوششوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر نہ جنگ مسلط کی جا سکتی ہے نہ امن۔

 

انہوں نے امریکہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ”انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ ایران کبھی سر نہیں جھکائے گا۔ اگر امریکہ نے حملہ کیا تو وہ ایک ایسے انجام سے دوچار ہوگا جس کی تلافی ممکن نہیں ہوگی”۔

 

اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "ایرانی قوم طویل عرصے سے مسلط کردہ جنگوں کا سامنا کر رہی ہے اور آج بھی ہر دباؤ کے باوجود سر بلند ہے۔ ہم کسی بیرونی قوت کے احکامات کے تابع نہیں”۔

 

امریکی دھمکیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ "جو لوگ ایران کی تاریخ سے واقف ہیں وہ جانتے ہیں کہ ایرانی دھمکی کی زبان کو کبھی قبول نہیں کرتے”۔ ان کا کہنا تھا کہ قابض صہیونی ریاست نے ایران کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کر کے ایک ناقابل معافی جرم کا ارتکاب کیا ہے اور شہداء کے خون کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

 

انہوں نے قابض اسرائیل کو بھی خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ایران پر حملہ کر کے "ایک بہت بڑی حماقت کی ہے، اور اب اسے اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے”۔

 

واضح رہے کہ قابض اسرائیل نے جمعہ کی علی الصبح ایران پر ایک بھرپور فضائی حملہ شروع کیا، جس میں ایرانی فوجی اور جوہری مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے کو "رائزنگ لائن” کا نام دیا گیا۔ قابض اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اس کارروائی کا مقصد ایران کی جوہری و عسکری صلاحیتوں کو ختم کرنا اور اسے ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔

 

ایران نے بھی اس درندگی کا بھرپور جواب دیا۔ تہران کی جانب سے قابض اسرائیل کے اندر مختلف اہداف پر کئی میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے، جن میں 25 سے زائد صہیونی ہلاک ہوئے، سیکڑوں زخمی ہوئے اور بنیادی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا۔

 

ایرانی پاسداران انقلاب نے اعلان کیا کہ اس حملے میں "فتاح” نامی ہائپرسونک میزائل استعمال کیے گئے، جب کہ ایرانی عسکری قیادت نے کہا کہ جب تک قابض اسرائیل حملے کرتا رہے گا، ردعمل بھی جاری رہے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button