غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی جارحیت جاری، 97 فلسطینی شہید

غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی جارحیت جاری، 97 فلسطینی شہید
غزہ کی سرکاری میڈیا آفس کے مطابق اسرائیل نے جنگ بندی کے آغاز سے اب تک کم از کم 97 فلسطینیوں کو شہید اور 230 کو زخمی کردیا ہے، جب کہ جنگ بندی معاہدے کی 80 مرتبہ خلاف ورزیاں کی گئی ہیں۔
اسرائیلی فوج نے غزہ کے مختلف علاقوں پر فضائی حملے کرتے ہوئے درجنوں فلسطینیوں کو شہید کیا، جنہیں اسرائیل نے حماس کی جانب سے مبینہ جنگ بندی خلاف ورزی کا جواب قرار دیا، تاہم حماس نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی تاحال برقرار ہے اور واشنگٹن اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہا ہے کہ حالات “انتہائی پُرامن” رہیں۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک کم از کم 68 ہزار 159 فلسطینی جاں بحق اور 1 لاکھ 70 ہزار 203 زخمی ہوچکے ہیں، جب کہ 7 اکتوبر 2023 کے حملوں میں اسرائیل میں 1,139 افراد ہلاک اور تقریباً 200 کو قید کیا گیا تھا۔



