کریم نگر ضلع میں آر ٹی سی بسوں کی خطرناک ریس ، مسافر اور راہگیر خوفزدہ

تلنگانہ کے کریم نگر ضلع میں ایک خطرناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب جممی کنٹہ سے حیدرآباد جانے والی آر ٹی سی بسوں کے ڈرائیورز نے مین روڈ پر آپس میں ریس لگادی۔ رپورٹس کے مطابق حیدرآباد جانے والی یہ بسیں حیدرآباد روڈ پر ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش میں انتہائی تیز اور خطرناک ڈرائیونگ کر رہی تھیں۔
اس دوران روڈ پر چلنے والے دیگر گاڑیوں کے ڈرائیور اور مسافر خوف و ہراس میں مبتلا ہوگئے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بس ڈرائیورز کا یہ طرزِ عمل "تم یا میں” کی طرز پر تھا، گویا سڑک کو ذاتی میدانِ جنگ بنا دیا گیا ہو۔ اس واقعے کی ویڈیوز راہگیروں نے اپنے موبائل کیمروں میں ریکارڈ کرکے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں، جو تیزی سے وائرل ہو گئیں۔
ویڈیوز دیکھنے کے بعد شہریوں اور سوشل میڈیا صارفین نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ حرکت مسافروں کی جانوں کے لیے خطرہ ہے، لہٰذا ایسے ڈرائیورز کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ اعلیٰ حکام فوری نوٹس لیں اور بس ڈرائیورز کے لائسنس معطل کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔
۔