تلنگانہ

تلنگانہ میں آیندہ تین دن تک شدید بارش کے امکانات – تعلیمی اداروں کو بارش کی شدت کے مطابق تعطیل دینے چیف منسٹر کی ہدایت

حیدرآباد میں شدید بارشوں کے پیش نظر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آئی ٹی کمپنیوں سے کہا ہے کہ وہ ملازمین کو گھروں سے کام  کرنے کی اجازت دینے پر غور کریں۔ اس سلسلے میں وزیر سریدھر بابو، آئی ٹی سکریٹری اور پولیس کمشنر کو کمپنیوں سے بات کرنے کی ہدایت دی گئی۔

 

چیف منسٹر نے کہا کہ بارش کی شدت کے مطابق اسکولوں اور کالجوں کو تعطیل دی جائے۔ آئندہ 72 گھنٹوں تک سب کو چوکس رہنے کی ضرورت ہے، خاص طور پر نشیبی علاقوں کی مسلسل نگرانی اور بروقت وارننگ دی جائے۔ کسی بھی واقعہ کی فوری اطلاع کنٹرول روم کو دی جائے تاکہ جان و مال کا کوئی نقصان نہ ہو۔

 

انہوں نے ہدایت دی کہ اس قسم کی شدید صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری تیاری رکھی جائے، سرکاری ملازمین اور عملے کی تمام چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے 24 گھنٹے دستیابی یقینی بنائی جائے۔

 

حیدرآباد میں جہاں پانی خطرناک سطح تک پہنچ گیا ہے وہاں عوام کے داخلے کو روکنے کے لیے پولیس اقدامات کرے۔ تین کمشنریٹ حدود میں ٹریفک کنٹرول کے لیے لاء اینڈ آرڈر پولیس کا تعاون حاصل کیا جائے اور اچانک طوفانی بارش کی صورت میں فوری کارروائی کی تیاری رکھی جائے۔

 

محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کو ہدایت دی گئی کہ میڈیا کو درست اور بروقت معلومات فراہم کی جائیں تاکہ عوام میں خوف و ہراس نہ پھیلے۔ تمام محکموں کے عہدیدار آئندہ 72 گھنٹوں تک مکمل الرٹ رہتے ہوئے باہمی رابطہ اور تعاون سے کام کریں۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button