جناب محمد اظہر الدین، امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ مقرر

جناب محمد اظہر الدین، امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ مقرر
سابق امیر حلقہ ڈاکٹر محمد خالد مبشر الظفر سے زمہ داری کا جائزہ حاصل کیا۔
امیر جماعت اسلامی ہند محترم جناب سید سعادت اللہ حسینی صاحب نے ارکان جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کے استصواب، ریاستی مجلس شوریٰ تلنگانہ ومرکزی مجلس عاملہ سے مشاورت کے بعد جناب محمد اظہرالدین صاحب، رکن مجلس نمائندگان کو میقاتِ رواں کی بقیہ مدت یعنی 31 مارچ 2027 تک کے لیے امیر حلقہ جماعت اسلامی ہندتلنگانہ مقرر کیا ہے۔
جناب محمد اظہرالدین صاحب نے سابق امیر حلقہ تلنگانہ ڈاکٹر محمد خالد مبشر الظفر سے اپنی نئی ذمہ داری کا چارج حاصل کرلیا ہے۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ہند نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی نو تقرر کردہ امیر حلقہ جناب محمد اظہرالدین صاحب کو صحت و عافیت کے ساتھ اس بھاری ذمہ داری کو ادا کرنے کی توفیق اور راہِ خدا میں استقامت عطا فرمائے۔
قابل ذکر ہے کہ جناب محمد اظہر الدین صاحب جماعت اسلامی ہند کے رکن مجلس نمائندگان ہیں۔ وہ زمانہ طالب علمی ہی سے تحریک اسلامی سے وابستہ رہے۔ وہ ایس آئی او متحدہ آندھرا پردیش کے صدر حلقہ رہ چکے ہیں۔نیز 1992 میں ایس آئی او کی پہلی ریاستی کانفرنس آپ ہی کی قیادت میں منعقد ہوئی تھی۔ اس سے قبل جناب محمد اظہر الدین صاحب معاون امیر حلقہ تلنگانہ رہ چکے ہیں
اور طویل عرصے تک جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کے سکریٹری برائے رابطہ عامہ کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں۔ جناب محمد اظہر الدین کے تقرر پر ریاست سے تعلق رکھنے والے ارکان جماعت، کارکنان اور بہی خواہان نے ان سے نیک توقعات وابستہ کرتے ہوئے صحت و عافیت اور راہ خدا میں استقامت کی دعا کی ہے۔