تلنگانہ کے کڑم پراجکٹ میں ایک شخص پانی میں بہہ گیا

تلنگانہ کے نرمل ضلع میں کڑم پراجکٹ کے قریب ایک دلخراش واقعہ پیش آیا۔ کنناپور گاؤں سے تعلق رکھنے والا شخص گنگا دھر ہفتہ کی صبح مچھلیاں پکڑنے کے لیے پراجکٹ کے کنارے گیا تھا
۔ اسی دوران اچانک پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا۔ بتایا جارہا ہے کہ آج کڑم پراجکٹ کے 17 دروازے کھول دیے گئے تھے جس کے باعث پانی تیز رفتاری سے نیچے کی جانب بہنے لگا۔ گنگا دھر پانی کی زد میں آگیا اور لمحوں میں بہہ گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد میں سنسنی پھیل گئی۔ گاؤں کے نوجوانوں نے ابتدائی طور پر اپنی مدد آپ کے تحت تلاش شروع کی لیکن ناکام رہے۔ بعد ازاں ضلع انتظامیہ کو اطلاع دی گئی۔ فوری طور پر این ڈی آر ایف (NDRF) کی ٹیم اور محکمہ آبپاشی کے اہلکار جائے حادثہ پر پہنچے اور گمشدہ شخص کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کردیا۔
مقامی پولیس نے بھی موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور عوام کو خبردار کیا کہ وہ پراجکٹ کے قریب نہ جائیں کیونکہ دروازے کھولے جانے کے بعد پانی کا بہاؤ خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے۔ اب تک گمشدہ شخص کا کوئی سراغ نہیں ملا ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔