بی آر ایس رکن اسمبلی ڈی ناگیندر کو نااہل قرار دینے تلنگانہ ہائی کورٹ میں درخواست
حیدرآباد _ 27 مارچ ( اردولیکس) کانگریس پارٹی میں شامل ہونے والے بی آر ایس پارٹی کے رکن اسمبلی ڈی ناگیندر کو اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دینے کی درخواست کرتے ہوئے تلنگانہ ہائی کورٹ میں ایک رٹ پٹیشن داخل ہوئی۔
حیدرآباد کے خیریت آباد اسمبلی حلقہ سے کامیابی حاصل کرنے والے بی آر ایس رکن اسمبلی ڈی ناگیندر چند دن قبل کانگریس میں شامل ہوگئے ۔پارٹی انحراف کے معاملے میں بی آر ایس پہلے ہی ناگیندر کو ایم ایل اے کے عہدے سے ہٹانے کے لئے اسمبلی کے اسپیکر سے شکایت درج کرائی ہے ۔
اور اب ایم ایل اے ناگیندر کے خلاف ہائی کورٹ میں ایک عرضی دائر کی گئی ہے ۔ راجو یادو نامی شخص نے پارٹی سے انحراف کرنے پر ناگیندر کو بطور ایم ایل اے نااہل قرار دینے کے لیے ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی ہے۔ درخواست گزار نے کہا کہ ایک پارٹی میں ایم ایل اے کی حیثیت سے جیتنے کے بعد استعفیٰ دیئے بغیر دوسری پارٹی سے ایم پی کے طور پر انتخاب لڑنا غیر قانونی ہے۔ اس سلسلے میں اسمبلی کے اسپیکر کو ہدایت دیں کہ وہ ناگیندر کے خلاف کارروائی کرے ۔ہائی کورٹ میں ناگیندر کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کل (جمعرات) کو ہونے کا امکان ہے۔