تلنگانہ

تلنگانہ کانگریس کا انتخابی منشور جاری _ مسلمانوں اور دیگر طبقات کے لئے وعدوں کی بارش

حیدرآباد _ 17 نومبر ( اردولیکس) کانگریس پارٹی نے تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے لئے اپنے انتخابی منشور کو جاری کردیا۔ کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے نے پی سی سی صدر ریونت ریڈی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا اور دیگر قائدین کے ساتھ مل کر پارٹی کا منشور جاری کیا۔42  صفحات پر مشتمل منشور میں میناریٹی ڈیکلریشن، بی سی ڈیکلریشن، رعیتو  ڈیکلریشن  کو ملا کر 62 امور کو شامل کیا گیا ہے

میناریٹی ڈیکلریشن کے مطابق کانگریس برسر اقتدار آنے پر اندرون 6ماہ ذات کی بنیادپر مردم شماری کروانا اور تمام پسماندہ طبقات بشمول اقلیتوں کوتعلیم‘روزگاراور فلاحی اسکیمات میں تحفظات کی فراہمی‘اقلیتوں کی فلاح وبہبود کے لئے بجٹ میں 4000 کروڑروپیے مختص کرنے‘ اقلیتی سب پلان بنانے‘ نوجوانوں کو خودروزگار کیلئے سالانہ بجٹ میں 1000 کروڑ روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔اقلیتی نوجوانوں جوایم فل اور پی ایچ ڈی کررہے ہیں کو عبدالکلام تحفہ تعلیم اسکیم کے تحت 5لاکھ روپے مالی مدد فراہم کرنا شامل ہے۔ اس کے علاوہ پی جی کی تکمیل پر 1 لاکھ روپے‘گریجویشن کی تکمیل پر 25 ہزار روپے‘انٹرمیڈیٹ کی تکمیل پر 15 ہزار روپے اور دسویں جماعت کے کامیاب طلباء کو 10 ہزار روپے مالی مدد فراہم کی جائے گی

اس کے علاوہ سکھ اقلیتی طبقہ کیلئے تلنگانہ سکھ مائناریٹی فیانس کارپوریشن کا قیام‘اقلیتی اداروں میں مخلوعہ جائیدادوں پرتقررات اور اردو میڈیم اساتذہ کے تقررات کیلئے خصوصی ڈی ایس سی کاانعقادعمل میں لایاجارہاہے۔تمام مذاہب کے مذہبی شخصیات‘آئمہ وموذنین‘خادمین‘پادریوں اور گرنتھوں کو 10تا12ہزار روپے ماہانہ مشاہیرہ دیاجائے گا۔

تلنگانہ اسٹیٹ مائناریٹی کمیشن ایکٹ 1998 میں ترمیم کرتے ہوئے اسے مستقل ادارہ بنایا جائے گا اور اس ادارے کی سالانہ رپورٹ کوریاستی مقننہ میں پیش کیاجائے گا۔

کانگریس پارٹی نے وعدہ کیاکہ اقتدارمیں آنے کی صورت میں وقف بورڈ کے تحت تمام جائیدادوں کے ریکارڈ کوڈیجیٹلائیزڈ کیا جائے گا اور وقف کی جائیدادوں پر غیر مجازقبضوں کوبرخاست کرتے ہوئے ان املاک کو‘حق ملکیت میں لینے کیلئے دوبارہ رجسٹرکروایا جائے گا۔

مسلمانوں اور عیسائیوں کے قبرستانوں کا تحفظ کرتے ہوئے قبرستانوں کیلئے اراضیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ اندراماں ہاوزنگ اسکیم کے تحت تمام بے گھراقلیتی خاندانوں کوامکنہ اراضی اور مکان کی تعمیر کیلئے 5لاکھ روپے مالی مدد فراہم کی جائے گی۔

مسلمان‘سکھ‘عیسائی کے بشمول دیگر اقلیتوں کے شادی شدہ نئے جوڑوں کوایک لاکھ 60ہزارروپے کی مالی امداددی جائے گی۔سٹ ون کا احیاء کرتے ہوئے اقلیتی نوجوانوں کومختلف ہنرمیں تربیت فراہم کی گئی۔قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے تحت پرانا شہر میں انفراسٹرکچر کوفروغ دیاجائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button