انٹر نیشنل

مناسک حج کا آغاز _ منی میں دنیا کی سب سے بڑی خیموں کی بستی آباد ؛ لاکھوں مسلمان جمع

جدہ _ 14 جون ( اردولیکس) لاکھوں مسلمان مناسک حج کے پہلے دن خیموں کے شہر منی میں جمع ہورہے ہیں اور وہ عبادتوں دعائیں مانگنے میں مصروف ہیں ۔ احرام باندھے ہوئے یہ مسلمان اپنے عظیم اجتماع کے ذریعہ انسانی برابری کا عظیم منظر پیش کررہے ہیں

 

منی مکہ سے 5 کیلو میٹر دور خیموں کا ایک شہر ہے۔ اس کے قریب ہی جبل رحمت ہے جہاں سے پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفے صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا آخری خطبہ دیا تھا جسے حجۃ الوداع کا خطبہ کہا جاتا ہے۔

 

مناسک حج کے پہلے مرحلے میں لاکھوں عازمین لبیک الھم لبیک کی صدائیں بلند کرتے ہوئے منیٰ کے لئے روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ قیام کریں گے۔ عازمین حج بسوں اور کاروں  کے ذریعے اور پیدل چل کر بھی  منیٰ پہنچیں گے۔حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ہفتہ 15 جون کو ہوگا۔لاکھوں فرزندان توحید منیٰ میں قیام کے دوران عبادات کریں گے اور ہفتے کو صبح وقوف عرفہ کے لئے میدان عرفات روانہ ہوں گے۔عازمین حج عرفات میں گڑگڑاکر اپنے گناہوں کی معافی اور اللہ رب العزت سے رحمت کے لئے دعائیں کریں گے

 

عرفات میں حج کا خطبہ سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نماز ملا کر ادا کی جائے گی۔ مغرب سے قبل حجاج کرام مزدلفہ کی طرف روانہ ہوں گے اور وہاں مغرب اور عشا کی نماز اکٹھی پڑھیں گے۔ مزدلفہ میں حجاج کرام رمی جمرات کے لئے کنکریاں اکٹھی کریں گے۔اتوار کی صبح حجاج کرام واپس منیٰ روانہ ہوں گے اور رمی جمرات کریں گے

 

جمرات میں شیطان کی علامتوں کو کنکر مارنے کے بعد حاجی طواف وداع کے لئے کعبۃ اللہ جائیں گے۔ 10 ذی الحج اور 12 ذی الحج کے درمیان یہ مناسک ادا کئے جاسکتے ہیں جس کے بعد قربانی کی جائے گی اور عازمین کا فریضہ حج مکمل ہو جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button