تلنگانہ

تلنگانہ کی نئی سکریٹریٹ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے نام سے موسوم

حیدرآباد _ 15 ستمبر ( اردولیکس) چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ نے تلنگانہ سکریٹریٹ کی زیر تعمیر عمارت کو عالمی دانشور و دستور ہند کے معمار بھارت رتن ڈاکٹربی آر امبیڈکر کے نام سے موسوم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر نے چیف سکریٹری کو اس سلسلے میں درکار اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔

 

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ "ریاست تلنگانہ میں انتظامیہ سے جڑے اعلی ترین دفتر، سکریٹریٹ (دفاتر معتمدی) کی عمارت کو ہندوستانی سماجی فلاسفر ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے نام سے موسوم کرنا تلنگانہ کی عوام کے لیے باعث افتخار ہے۔ نیز حکومت تلنگانہ کا یہ فیصلہ ملک کے لیے ایک مثالی فیصلہ ہے۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ حکومت تلنگانہ امبیڈکر کے اس فلسفے پرعمل پیرا رہتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہیکہ ہر ایک ہندوستانی کو تمام شعبوں میں یکساں احترام ملنا چاہئے۔ امبیڈکر کے نظریہ کے عین مطابق ریاست تلنگانہ اپنی تشکیل کے بعد مختصر مدت میں ملک بھر میں ایک مثالی ریاست کا درجہ حاصل کرنے کے لئے سیلف گورننس (خود حکمرانی) کے اُصول پر کارفرما رہتے ہوئے سماج کے تمام طبقات کی سماجی، سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں ترقی کو یقینی بنانے کی سمت میں گامزن ہے۔ نیزعلیحدہ ریاست تلنگانہ کا قیام بھی ڈاکٹر امبیڈکر کی مرہون منت ہے جیسا کہ آنحہانی آئین ساز نے دستور ہند میں شق (آرٹیکل) 3 کو شامل کروایا تھا جس کے تحت علیحدہ ریاست تلنگانہ کا قیام ممکن ہوپایا۔ اسی طرح تلنگانہ ریاستی حکومت سماج کے تمام طبقات بشمول درج فہرست قبائل و اقوام، پسماندہ طبقات، اقلیتیوں، خواتین کے ساتھ ساتھ اونچی ذات سے تعلق رکھنے والے غریب افراد کی فلاح و بہبود کے لیے بی آر امبیڈکر کے آئینی نظریہ پر کارفرما ہے۔ امبیڈکر کے خوابوں کے ہندوستان میں تنوع کا ایک منفرد جمہوری کردار ہے۔ امبیڈکر کا نظریہ ہماری رہنمائی کرتا ہے کہ وفاقی روح کو برقرار رکھتے ہوئے ہی تمام طبقات کو مساوی حقوق اور مواقع کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ ‘ہندوستانیت’ کا صحیح مفہوم یہ ہوگا کہ تمام ہندوستانیوں کا بلا امتیاز ذات پات، نسل، جنس اورعلاقہ مساوی احترام کیا جائے و نیز ہر کسی کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔ اس مقصد کے حصول کے لیے ہماری کاوشیں جاری رہیں گی۔ امبیڈکر کے اس ویژن کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے، تلنگانہ ریاست جو ماضی میں بھی مختلف موقعوں پر سارے ملک کے لیے ایک مثال پیش کرتی آئی ہے، ایک مرتبہ پھر ریاستی سکریٹریٹ کو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے نام سے موسوم کرتے ہوئے سارے ملک کے لیے ایک مثال قائم کر رہی ہے۔

 

ایسے میں ہندوستانی پارلیمنٹ کی جدید عمارت کو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے نام سے موسوم کرنے کا مطالبہ بھی کوئی چھوٹا مطالبہ نہیں ہے۔ اس مطالبے کی اہمیت کو ملحوظ رکھتے ہوئے ہی تلنگانہ اسمبلی نے ایک متفقہ قرارداد منظور کرتے ہوئے پارلیمنٹ کی جدید عمارت کو دستور ہند کے معمار کے نام سے موسوم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں بہت جلد وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے ایک مکتوب بھی تحریر کیا جائے گا۔ اس موقع پر میں پھر ایک مرتبہ مرکزی حکومت سے حکومت تلنگانہ کے اس مطالبے کا اعادہ کرتا ہوں کہ وہ پارلیمنٹ کی جدید عمارت کو بی آر امبیڈکر کے نام سے موسوم کرنے کے تلنگانہ حکومت کے مطالبے پر سنجیدگی سے غور کرے۔”

 

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button