انٹر نیشنل

سعودی یونیورسٹی نے سینما اور تھیٹر میں بیچلر ڈگری کا آغاز

ریاض ۔ کے این واصف

سعودی عرب مین آج سے کچھ سال قبل تک سنیما تھیٹر تصور نہیں تھا۔ اب نہ صرف سینکڑوں تھیٹرز ہیں بلکہ اب تو یہاں بالی ووڈ کے فلموں کی شوٹنگز ہونے لگی ہیں۔ کچھ عرصہ قبل جدہ میں فلم فسٹیول بھی منعقد ہوا۔ اس سلسلہ میں اب ایک اور پیش رفت ہوئی ہے۔ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی نے ایک نئے شعبہ کی تشکیل کے حصے کے طور پر سینما اور تھیٹر میں بیچلر ڈگری کا آغاز کیا ہے۔

 

عرب نیوز کے مطابق سینما اور تھیٹر کا شعبہ یونیورسٹی کے کالج آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن کا حصہ ہے۔بیچلر کی ڈگری طلبا کو فلم سازی اور تھیٹر کے فنون کی تربیت دے گی اور ساتھ ہی اس بات کو بھی یقینی بنائے گی کہ ان کا تیار کردہ مواد سعودی رسم و رواج اور ثقافت کے مطابق ہو۔اگرچہ پروگرام کی تفصیلات کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے لیکن توقع ہے کالج سے ہدایت کاری، فلم بندی اور اسکرپٹ رائٹنگ کے کورسز پیش کیے جائیں گے جنہیں عرب اور بین الاقوامی ماہرین دونوں سکھائیں گے۔

 

نیا شعبہ یونیورسٹی کی جامع تعلیمی تنظیم نو کا حصہ ہے جس میں سائبر سکیورٹی، ابتدائی بچپن کی تعلیم، صنعتی انجینئرنگ، نفسیات، ریڈیولوجی اور ترجمہ میں نئے شعبہ جات کی تشکیل بھی شامل ہے۔کالج آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن کے ڈین شہزادہ سعد بن سعود بن محمد آل سعود نے گزشتہ سال عرب نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے اس ڈرافٹ پروگرام کا انکشاف کیا تھا۔

 

انہوں نے کہا تھا کہ ’ نئی ڈگری کا ہنر مند پیشہ ور افراد کی تربیت کے ذریعے مملکت میں سینمیا اور تھیٹر کی صنعت پر براہ راست مثبت اثر پڑے گا‘۔امام محمد ابن سعود اسلامی یونیورسٹی کا کالج آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن مملکت کے سب سے بڑے کالجوں میں سے ایک ہے اور اس شعبے میں نئی مہارتوں کو پورا کرنے کے لیے جدید ترین ہے۔

 

امام محمد ابن سعود اسلامی یونیورسٹی نے کچھ سال پہلے صحافت، ریڈیو، ٹی وی اور تعلقات عامہ کے شعبوں کے علاوہ ایک مارکیٹنگ ایڈورٹائزنگ ڈیپارٹمنٹ، گرافکس اور ملٹی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کا آغاز کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button