تلنگانہ

تلنگانہ کے 17 لوک سبھا حلقوں کے اگزٹ پول جاری _ جانئے کس پارٹی کو ملیں گی کتنی سیٹیں

حیدرآباد _ لوک سبھا انتخابات کے امکانی نتائج سے متعلق مختلف نیوز چیانلس کی جانب سے جاری کردہ اگزٹ پولس کے مطابق تلنگانہ کی 17 لوک سبھا نشستوں میں زیادہ تر نشستوں پر حکمراں جماعت کانگریس اوربی جے پی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ بتایا گیا۔ 5نیوز چیانلس نے اپنے اگزٹ پولس پیش کئے ہیں جن میں حکمراں جماعت کانگریس کو زیادہ سے زیادہ 9نشستوں پر کامیابی ملنے کے امکانات ظاہر کئے جب کہ بی جے پی کو زیادہ سے زیادہ 11 نشستوں پر کامیابی ملنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے

 

اور ان تمام 5 نیوز چیانلس نے حیدرآباد لوک سبھا سے صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین بیرسٹر اسدالدین اویسی ایم پی کی کامیابی کی پیش قیاسی کی ہے۔ انڈیا ٹوڈے کے اگزٹ پول کے مطابق تلنگانہ میں کانگریس  کو 6  تا 8 نشستوں پر کامیابی مل سکتی ہے جبکہ اس نے بی جے پی  کو 8 تا 10، بی آر ایس اور کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کوایک ایک نشست پر کامیابی ملنے کی توقع ظاہر کی۔ ”جَن کی بات“  میڈیا گروپ کے اگزٹ پول میں کانگریس کو 7 تا 8، بی جے پی کو 9 تا 11، بی آر ایس اور مجلس کو ایک ایک نشست پر کامیابی ملنے کے امکانات بتائے ہیں۔

 

آرا مستان میڈیا گروپ کے اگزٹ پول میں کانگریس کو 7 تا 8، بی جے پی کو 8 تا 9 اور مجلس کو ایک نشست اور بی آر ایس کو ایک بھی نشست پرکامیابی نہ ملنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ نیوز 18 کے اگزٹ پول کے مطابق کانگریس کو 5 تا 8، بی جے پی کو 7 تا 10 اور بی آر ایس کو 2 تا 4، مجلس کو ایک نشست پرکامیابی مل سکتی ہے۔ اسی طرح اے بی پی نیوز کے اگزٹ پول میں کانگریس کو 7 تا 9، بی  جے پی کو 7 تا 9، مجلس کو ایک اور بی آر ایس کو صفر بتایا گیا۔ یہ صرف نیوز چینلوں کے اندازے ہیں اصل نتائج 4 جون کو جاری ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button