جرائم و حادثات

حیدرآباد میں معمر جوڑے کے قتل کی سنسنی خیز واردات

حیدرآباد۔ شہر  کے علاقے عنبر پیٹ میں ایک خوفناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک معمر جوڑے، 78 سالہ لنگا ریڈی، جو کہ ریٹائرڈ بینک ملازم تھے، اور ان کی 72 سالہ بیوی ارمیلا دیوی کو ان کے گھر میں بے رحمی سے قتل کر دیا گیا۔ یہ جوڑا اپنے G+4 مکان کے گراؤنڈ فلور پر مقیم تھا۔ پولیس کے مطابق ان کی نعشیں خون میں لت پت اور مسخ شدہ حالت میں ان کے گھر سے برآمد ہوئیں۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ وحشت ناک قتل 17 اکتوبر کو کیا گیا تھا، تاہم اس کا علم آج ہوا جب رشتہ دار ان کے گھر پہنچا اور دروازے پر کئی بار دستک دینے کے باوجود کوئی جواب نہ ملا۔ فوراً پولیس کو اطلاع دی گئی جس کے بعد پولیس اور سراغ رساں ٹیم موقع پر پہنچی۔سراغ رساں ٹیم نے جائے واردات کا مکمل معائنہ کیا اور شواہد اکٹھے کیے۔ مقتول جوڑے کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ منتقل کر دی گئیں۔ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ جوڑے کو مہلک ہتھیاروں سے حملہ کرکے قتل کیا گیا۔ قاتلوں نے نہ صرف ان کے جسم پر گہرے زخم لگائے بلکہ ان کے سروں پر وزنی شئے سے بھی حملہ کیا جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ حملہ انتہائی بے رحمی سے کیا گیا تھا۔

 

پولیس نے فوری طور پر گھر کے ارد گرد نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز کا جائزہ لینا شروع کر دیا تاکہ ملزمین کی شناخت کی جا سکے۔ پولیس مختلف زاویوں سے اس قتل کی تحقیقات کر رہی ہے، جس میں لوٹ مار کا امکان بھی شامل ہے، کیونکہ گھر کا سامان بکھرا ہوا تھا۔ تاہم، پولیس اس امکان کو بھی مدنظر رکھ رہی ہے کہ شاید اس جوڑے کو کسی ذاتی دشمنی یا رنجش کی بنا پر قتل کیا گیا ہو۔تاہم حتمی نتیجہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور مزید تحقیقات کے بعد ہی سامنے آ سکے گا۔

 

اس قتل کی واردات نے پورے علاقے میں خوف و ہراس کی لہر پیدا کردی ہے اور مقامی لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button