تلنگانہ

محمد حسام الدین کو سی ڈبلیو جی میں کانسہ کا تمغہ حاصل ہونے پر شہر نظام آباد میں شاندار بائیک ریالی و تہنیتی تقریب کا انعقاد

باکسر و کوچ محمد صمصام الدین کو قومی سطح پر”ڈرونا چاریہ ایوارڈ“ سے نوازنے کا مطالبہ

نظام آباد:26/ اگست (محمد یوسف الدین خان نیوز اینڈ ویوز میڈیا سرویس / اُردو لیکس) ضلع نظام آباد جس کا شمار ریاست تلنگانہ کے اہم اضلاع میں کیا جاتا ہے اس ضلع سے تعلق رکھنے والے مختلف کھیل کے میدانوں میں کھلاڑیوں نے اپنے جوہر دکھاتے ہوئے قومی اور بین الاقوامی سطح پر گولڈ میڈلس و دیگر تمغہ جات حاصل کرنے کا اعزازرکھتے ہیں۔ ممتاز باکسر و کوچ سکریٹری نظام آباد ڈسٹرکٹ امیچر باکسنگ اسوسی ایشن جناب محمد صمصام الدین ساکن محلہ پھولانگ نظام آباد کی جانب سے گذشتہ ربیع صدی سے زائد عرصہ سے باکسنگ کے میدان میں کھلاڑیوں کو تربیت فراہم کررہے ہیں۔

 

انہوں نے ضلع اور شہر سے تعلق رکھنے والے قریب 10 کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر روشناس کروائے جس کے نتیجہ میں عالمی سطح پر ضلع نظام آباد کا نام متعارف ہوا۔ ان کے دو فرزندوں محمد انتصام الدن اور محمد حسام الدین نے بشمول نکہت زرین نے عالمی سطح پر باکسنگ کے مقابلوں میں بے شمار میڈلس حاصل کئے نکہت زرین کو ورلڈ چمپئن کا اعزاز حال ہی میں حاصل ہوا جبکہ محمد حسام الدین کو انگلنڈ کے شہر برھنگم میں منعقدہ انٹرنیشنل باکسنگ چمپئن شپ میں کانسہ کا تمغہ حاصل ہوا۔ محمد حسام الدین کے اعزاز میں شہر نظام آباد میں آج سید اکبر حسین کارپوریٹر ڈیویژن 46 و صدر نظام آباد ڈسٹرکٹ امیچر باکسنگ اسوسی ایشن کی قیادت میں ایک عظیم الشان ریالی پھولانگ چوراہا تا کلکٹریٹ اسپورٹس اتھاریٹی گراؤنڈ تک نکالی گئی اس ریالی میں بحیثیت مہمان خصوصی نوید اقبال صدر ٹی آرایس ضلع اقلیتی سیل اور اعزازی مہمان کی حیثیت سے شیخ علی صابری صدر فیض العلوم ایجوکیشنل سوسائٹی نے شرکت کی۔ بائیک ریالی پھولانگ چوراہا تا راجہ راجندر تھیڑ، بڑا بازار، اعظم روڈ، نہروپارک، گاندھی چوک،جواہر روڈ، بس اسٹانڈسے ہوتی ہوئی ضلع کلکٹریٹ پہنچ کر جلسہ استقبالیہ و تہنیتی تقریب میں تبدیل ہوگئی۔ اس تہنیتی تقریب کی صدارت اکبر حسین صدر نظام آباد ڈسٹرکٹ امیچر باکسنگ اسوسی ایشن نے کی۔

بحیثیت مہمان خصوصی میں ڈی وٹھل چیرمین ضلع پریشد، مئیر نیتو کرن، کمشنر پولیس کے آر ناگاراجو، اے جگن موہن راؤ پریسیڈنٹ، ہینڈ بال اسوسی ایشن آف انڈیا ایم راجندر ریڈی، ممبر تلنگانہ اسٹیٹ بار کونسل و صدر تلنگانہ باسکٹ بال اسوسی ایشن، جی سری راملوصدر ڈسٹرکٹ اولمپک اسوسی ایشن نظام آباد، طارق انصاری ریاستی سکریٹری  آرایس پارٹی، نوید اقبال رکن ریاستی حج کمیٹی و صدر ضلع اقلیتی سیل ٹی آرایس پارٹی، شیخ علی صابری نے شرکت کی۔ اس موقع پر معززین مہمانوں نے محمد صمصام الدین سکریٹری نظام آباد ڈسٹرکٹ امیچر باکسنگ اسوسی ایشن کی باکسنگ کے کھیل کے میدان میں ان کی جانب سے بلامعاوضہ تربیت فراہم کرنے پر ان کی خدمات کو بھر پور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے حکومت ہند سے مطالبہ کیا کہ انہیں اسپورٹس اور گیمس کے شعبہ میں کوچس کے لئے منسٹری آف اسپورٹس کی جانب سے معاروف ایوارڈ ”ڈرونا چاریہ ایوارڈ“(Dronacharya Award ) سے نوازا جائے۔ مقررین نے اس بات پر اپنی مسرت کا اظہار کیا کہ ضلع نظام آباد سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کو باکسنگ میں عالمی سطح پر اعزازات حاصل ہورہے ہیں اس کے روح رواں محمد صمصام الدین کی انتھک کوشش جدوجہد اور ان کی ماہرانہ تربیت کا نتیجہ ہے۔ تشکیل تلنگانہ کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اسپورٹس کو دیہی اور شہری سطح پر فروغ دینے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات عمل میں لاتے ہوئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں خطیر مقدار پر رقومات اور امکنہ کی سہولت فراہم کررہے ہیں جو قابل ستائش اقدام ہے۔

اس جلسہ کی کارروائی ڈی سائیلو نائب صدر اسوسی ایشن نے چلائی۔ اس پروگرام میں محمد فیاض الدین سابق نائب صدر ضلع وقف کمیٹی و قائد ٹی آرایس، اشفاق احمد خان، محمد ظہیر الدین جاوید این آر آئی کے علاوہ نوجوانوں کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔ علاوہ ازیں محمد صمصام الدین اور محمد حسام الدین کو زبردست تہنیت پیش کی گئی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button