جنرل نیوز

جامعہ ریاض الصالحات اعظم پورہ حیدرآباد میں مولانا سید جلال الدین عمری ؒ کا تعزیتی جلسہ

جناب محمد اظہر الدین ، صدر جامعہ مولانا ڈاکٹر سید عبدالجبار عمری ، مولانا اکبر ندوی ، مولانا طیب قاسمی و دیگر کا خطاب

حیدرآباد _ 30 اگست ( پریس ریلیز) جامعہ ریاض الصالحات اعظم پورہ میں مولانا سید جلال الدین عمریؒ،سابق امیر جماعت اسلامی ہند و نائب صدر مسلم پرسنل لا بورڈ کا تعزیتی جلسہ منعقد ہوا۔جناب محمد اظہر الدین،سکریٹری رابطہ عامہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ و رکن انتظامی کمیٹی جامعہ ریاض الصالحات آعظم پورہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ مولانا عمریؒ کی رحلت سے ملت اسلامیہ کا ایک اہم سرمایہ ہم سے جدا ہوچکاہے۔لیکن ان کی کتابیں ہمارے لئے مشعل راہ رہیں گی۔

 

انہوں نے کہا کہ مولانا عمریؒ ٹامل ناڈو کے چھوٹے سے قصبے وانمباڑی میں پیدا ہوئے۔جامعہ دار السلام عمر آباد سے فراغت حاصل کی،ساتھ ہی مولاناسید ابو اعلی مودودی علیہ الرحمہ کے لٹریچر سے فیض یاب ہوئے اور جماعت اسلامی ہندسے وابستہ ہونے کے بعد آخری سانس تک تحریک اقامت دین کی جد وجہد کے علمبردار رہے۔ڈاکٹر سید عبد الجبار عمری صدرجامعہ ریاض الصالحات آعظم پورہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا میں اللہ تعالیٰ عبقری شخصیات کو پیدا فرماتے ہیں اورایسی شخصیات کی نگہداشت خود اللہ تعالیٰ کرتے ہیں انھیں میں سے ایک شخصیت مولانا سید جلال الدین عمریؒ کی بھی تھی۔ مولانا اکبر ندوی،معلم عربی جامعہ ھذانے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا عمری ؒکی طبعیت میں تحقیق، و رہنمائی تھی۔آپ کی خواہش یہ تھی کہ نسل نو ایجادات میں اہم رول ادا کرے۔مولانا طیب عبد السلام قاسمی،استاذ جامعہ نے کہا کہ مولانا سید جلال الدین عمری ؒکی شخصیت میں خاص بات یہ تھی کہ انہیں اپنے علم کا زعم بالکل بھی نہیں تھا او روہ حد درجہ منکسر المزاج تھے۔انجنیئرمرزا محمد اعظم علی بیگ،سکریٹری جامعہ ریاض الصالحات نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مولانا عمری ؒکی تصانیف معاشرے کی تبدیلی میں اہم رول ادا کر تی رہیں گی اور ان کے لئے توشہ آخرت ثابت ہونگی۔ انہوں نے جامعہ کی طا لبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا عمری ؒنے خواتین کے حقوق و فرائض کے موضوع پر بہت کچھ لکھا ہے اس مشن اور پیغام کو آگے بڑھانے کی ذمہ داری آپ طالبات کی ہے کہ اپنے قلم اورکردار سے معا شرہ کی اصلاح کا کام کریں اگرخواتین کسی مقصد کے لئے یک جٹ ہوں تو بڑی تبدیلی رونما ہوگی لہذاخواتین اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنے میں حساس رہیں۔

 

محترمہ زھرہ، طالبہ عالمہ دوم کی تلاوت کلام پاک سے نشست کا آغاز ہوا۔مولانا غلام مصطفی ندوی نے جلسہ کی نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ اس موقع پر جامعہ کے اساتذہ و طالبات موجود تھے۔دعا کے ساتھ نشست کا اختتام عمل میں آیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button