جنرل نیوز

نبی کریم ﷺ نے خواتین کے مقام و مرتبہ کو بلند کیا

جماعت اسلامی ہند کرناٹک کی سیرت مہم کا شاندار آغاز

بیدر۔ 3/اکتوبر ( ) محمد معظم رکن جماعت اسلامی ہند بیدر کی اطلاع کے بموجب جماعت اسلامی ہند شہر بیدر نے سیرت مہم ’آؤ پیغام نبی ﷺ عام کریں‘ کے تحت 2 / اکتوبر 2022 ء کو ممتاز فنکشن ہال میں ایک اجتماع منعقد ہوا۔مولانا محمد مونس کرمانی صاحب صدر مجلس العلماء بیدر،تحریک اسلامی ہند کرناٹک نے ’اسلام میں بزرگوں کا مقام‘ عنوان پر اظہار خیال کرتے ہوئے فرمایا کہ نبی کریم ﷺ بزرگوں کی بہت قدر کرتے تھے۔حضرت ابو بکرؓ اپنے والد کو حضور ﷺ کی خدمت میں لے جانے پر آپ ﷺ نے فرمایا انہیں کیوں تکلیف دی میں خود حاضر ہو جاتا۔آج مسلمانوں کے گھر اور خاندانوں میں بزرگ والدین، ضعیف لوگوں کی خدمت سے متعلق شکایات بلکہ مقدمات کی بات سامنے آرہی ہے، جو بڑی قابل تشویش ہے، خصوصاً نوجوان بزرگوں سے حسن سلوک کے معاملہ میں اسوہ ئ حسنہ کو اختیار کریں۔

محمد آصف الدین صاحب رکن شوریٰ جماعت اسلامی ہند کرناٹک نے ’نبی ﷺ خواتین کو بندشوں سے نجات دلانے والے‘ عنوان کے تحت فرمایا کہ دور جاہلیت میں خواتین کی کوئی حیثیت نہیں تھی۔نبی ﷺ نے خواتین کے مقام و مرتبہ کو بلند کیا، اسلام نے خواتین پر کسب معاش کی ذمہ داری نہیں ڈالی۔ نکاح کے موقع پر لڑکیوں کو قبول و انکار کی آزادی فراہم کی اور حق مہر عطا کیا۔ محمد معظم صاحب نے ماحولیات کے ضمن میں فرمایا کہ اسلام کی تعلیمات عین فطرت کے مطابق ہیں، موصوف کئی احادیث کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ نبی ﷺ نے ماحول کی پاکیزگی کا ہر لمحہ خیال رکھا۔شجر کاری کے سلسلہ میں نبی کریم ﷺ نے فرمایا اگر قیامت آ جائے اور کسی کے ہاتھ میں پودا ہو تو وہ اسے ضرور لگا دے۔پانی کے تحفظ کے سلسلہ میں نبی ﷺ نے فرمایا کہ وضو اگر دریا کے کنارے کیوں نہ کر رہے ہوں تب بھی پانی کم استعمال کریں۔نیز نبیﷺ نے پانی کی تجارت سے منع فرمایا ہے۔ سید جمیل احمد ہاشمی صاحب نے کہا کہ خدا اور رسول کے بعد انسانوں میں سب سے افضل مقام والدین کا ہے۔ قرآن کے حوالہ سے موصوف نے فرمایا کہ جب والدین ضعیف ہو جائیں تو ان کی خدمت کرنا اور ان کے ساتھ بہترین سلوک کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ناظم مہم محمد نظام الدین صاحب نے مہم کی سرگرمیوں کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ 9 اکتوبر2022ء کو ایک سمپوزیم ”آؤ محمد ﷺ کو جانیں“ عوام الناس مرد وخواتین کے لیے شام ٹھیک 6:30بجے رنگ مندر بیدر میں منعقد کیا جا رہا ہے۔برادران وطن کے ساتھ شرکت کرنے کی اپیل کی۔

جناب محمد کُنّی صاحب، منگلور، رکن شوریٰ بحیثیت مہمان مقرر (بزبان کنڑی)خطاب فرمائیں گے۔ سید عبد الستار صاحب امیر مقامی بیدر نے اپنے اختتامی خطاب میں تمام مسلمانوں سے اپیل کی کہ نبی ﷺکی تعلیمات کو عام کرنے میں جماعت اسلامی ہند کی سرگرمیوں میں عملاً حصہ لیں۔ جلسہ کا آغاز قاری سید سلام اللہ صاحب کی تلاوت قرآن سے ہوا۔محمد عارف الدین صاحب نے نظامت کے فرائض بحسن وخوبی انجام دئیے۔شہ نشین پر محمد اکرم علی صاحب، ناظم ضلعJIH بیدر، محمد مجتبیٰ خان صاحب، محمد طہ کلیم اللہ صاحب، رفیق احمد صاحب اور سید منصور احمد قادری صاحب موجود رہے۔کثیر تعداد میں مرد و خواتین نے اس اجتماع میں شرکت فرمائی۔
تصویر منسلک ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button