دہلی مجلس کی ریاستی اکائیاں تحلیل، تشکیل نو کا فیصلہ

نئی دہلی:دہلی مجلس ریاستی صدر کلیم الحفیظ نے کارپوریشن انتخاب ا ور نتائج کی جائزہ میٹنگ کے بعد تمام اکائیوں کو تحلیل کردیا ہے۔گزشتہ روز کئی گھنٹوں تک جائزہ میٹنگ پارٹی کے مرکزی دفتر میں چلی اور دہلی میں پارٹی کے امکانات اور پارٹی کو عوام تک لے جانے سمیت تمام اہداف پر غور فکر کیا گیا اور ساتھ ہی کارپوریشن انتخاب میں کسی سیٹ پر کامیابی نہ ملنے کے اہم پہلوپر بھی گفتگو ہوئی جس کے بعد پارٹی کی تمام موجودہ اکائیوں کو تحلیل کرنے اور نئے سرے سے دہلی میں اسمبلی اور وارڈ سطح کی پارٹی اکائیوں کی تشکیل نو کرنے کے فیصلے پر بھی مہر لگائی گئی۔مجلس ریاستی صدر نے کہا کہ وارڈ اور اسمبلی کی سطح پر کام کرنے والی موجودہ اکائیاں تحلیل کی جارہی ہیں تاہم نئے سرے پارٹی کی تشکیل نو کا عمل بھی شروع کیاجارہاہے۔جس کے تحت سکریٹری تنظیم کی ذمہ داری راجیو ریاض کودی گئی ہے جبکہ جوائنٹ سکریٹری تنظیم کے طورپر شاداب الیاس اور سرتاج علی کام کریں گے۔ہم نے دہلی کو تین زون میں تقسیم کرکے تنظیم سازی کے لئے تین انچارج بنائے ہیں ای ڈی ایم سی انچارج ایڈووکیٹ رخسار احمد، این ڈی ایم سی انچارج عاقل قریشی انچارج ایس ڈی ایم سی سید انور اقبال نقوی ہوں گے۔جبکہ شاہ عالم صدیقی جنرل سکریٹری ہوں گے۔ان عہدیدران کو ہدایت دی گئی ہے کہ 15 دنوں میں اسمبلی ا ور وارڈ سطح پر پارٹی کی اکائیاں تشکیل دینے کا کام کریں۔ کلیم الحفیظ نے کہا کہ پارٹی کو کارپوریشن انتخاب میں جس طرح سے عوام نے حمایت دی ہے اس سے پارٹی کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں محض 15سیٹوں پر انتخاب لڑنے کے باوجود ہم مصطفی آباد سیٹ پر 8330 ووٹ لے کر دوسرے مقام پر اور برج پوری میں 7516ووٹ کے ساتھ ذاکر نگر میں 6565 ووٹ، ابوالفضل میں 5173 ووٹ اور جگت پوری میں 4249 ووٹ لے کر تیسرے مقام پر رہے ہم نے شری رام کالونی میں 5511 ووٹ اور سلیم پور میں 3279 ووٹ لینے میں کامیاب رہے۔نہ صرف مجلس اپنی سیاسی حیثیت منوانے میں کامیاب ہوئی بلکہ تین اسمبلی سیٹوں میں مجلس کی تشہیری مہم کی کامیابی کی وجہ سے بی جے پی کی بی ٹیم عام آدمی پارٹی کا صفایا ہوگیا اور تنائج پر ہم اثر انداز ہوئے ہیں مستقبل میں بہتر نتائج کے لئے ہم پرعزم ہیں اور مجلس تمام پسماندہ غریب دلت مسلمانوں کے حقوق کی آواز بلند کرتی رہے گی اور ان کو ان کے سیاسی و سماجی حقوق دلانے کے لئے کام کرے گی۔