تلنگانہ

سعودی عرب میں پیش آئے سڑک حادثہ میں دو حیدرآبادی طلباء ہلاک اور ایک کی حالت نازک ہے _ جاں بحق طلباء حافظ قرآن تھے

جدہ، 13 جون ( عرفان محمد) سعودی عرب میں پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثہ میں دو   حیدرآبادی طلباء  ہلاک ہوگئے اور ایک اسپتال میں زندگی اور موت  کی جنگ لڑ رہا ہے۔ تینوں کا تعلق حیدرآباد کے پرانے شہر سے ہے  اور یہ تمام دمام میں انڈین انٹرنیشنل اسکول کے طالب علم تھے

 

گیارہویں جماعت کا حسن ریاض اور نویں جماعت کا ابراہیم اظہر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ آٹھویں میں پڑھنے والا ابراہیم کا بھائی عمار شدید زخمی ہو کر ہسپتال پہنچا جہاں وہ زندگی کی جنگ لڑ رہا ہے۔ حسن ریاض اور ابراہیم دونوں حافظ قرآن تھے۔ جس کار کو وہ چلا رہے تھے وہ منگل کو دمام میں سڑک کے کنارے درخت سے ٹکرا کر تباہ ہو گئی۔

 

ابراہیم اظہر اور عمار، دونوں  بھائی ہیں اور ان کے والد محمد اظہر حیدرآباد کے حسینی عالم سے تعلق رکھتے ہیں۔ حسن ریاض حیدرآباد کے چارمینار میں موتی گلی کے رہنے والے محمد یوسف ریاض کا بیٹا ہے۔

 

اگرچہ سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ تینوں کی موت ہوگئی ہے لیکن ایک شدید طور پر زخمی ہے اور منگل کی آدھی رات تک اس خبر کی رپورٹ درج کرنے تک زیر علاج ہے۔

 

یہ تینوں پڑوسی تھے اور دمام میں ایک ہی علاقے میں رہتے تھے۔ابراہیم جمعرات کو حیدرآباد کا سفر کرنے والے تھے  اور ان کا باقی خاندان آنے والی عید کی چھٹیوں میں چھٹیاں گزارنے کا منصوبہ بنا رہا تھا۔

 

معروف ہندوستانی سماجی کارکن ناس ووکم ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ قانونی رسمی کارروائیوں اور مقتول طلباء کی تدفین  مکمل کرنے کے لیے رابطہ میں ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button