تلنگانہ

ڈی اروند‘ کھوکھلے اور بے بنیادبیانات تک محدود: کویتا

نظام آباد 21/جولائی (اردو لیکس)رکن قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا نے نظام آباد آئی ٹی ہب جاب میلہ کا آج افتتاح عمل میں لایا ۔ اس دوران بی آر ایس قائد نے کئی ملازمت کے خواہشمندوں سے بات چیت کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر کویتا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نظام آباد کے رکن پارلیمان اروند پر شدید تنقید کی اور ان سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کے خلاف لگائے گئے الزامات کو ثابت کریں و بصورت دیگر اپنی سنگین غلطی پر معافی مانگیں ۔

 

 

انہوں نے مزید کہا کہ زبردست بارش کے دوران ایم پی ڈی اروند شہر سے لاپتہ ہوگئے ہیں ، اور یہ پہلی بار نہیں ہے کہ وہ نظام آباد کے عوام کے لیے دستیاب نہیں رہے ہیں ۔ ڈی اروند کے حالیہ ریمارکس کا جواب دیتے ہوئے کویتا نے کہا کہ کے سی آر حکومت کی فلیگ شپ اسکیموں جیسے کالیشورم پروجیکٹ، رعیتو بندھو اسکیم، آسرا پنشن، کے سی آر کٹس اور بہت سی دیگر فلاحی اسکیموں میں مرکز کی جانب سے مذکورہ اسکیموں کےلئے مالی امداد اور تعاون کے اپنے دعووں کو ثابت کرنے کو کہا ۔ کے کویتا نے مزید کہا کہ ایم پی اروند نے نظام آباد کے لیے کمزور اور بے بنیاد بیانات کے علاوہ کچھ نہیں کیا ۔ ایم ایل سی کویتا نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بی آر ایس پارٹی کے مقابلہ میں کوئی نہیں ہے اور پارٹی ایک بار پھر نظام آباد میں کلین سویپ کرنے کے لیے تیار ہے ۔

 

 

رکن کونسل نے استفسار کیا کہ بی جے پی لیڈر منی پور فسادات اور بے روزگاری پر بات کیوں نہیں کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے رعیتو بندھو اسکیم و دیگرپروجیکٹ کے احیاء میں ایک روپیہ بھی فراہم نہیں کیا ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کا ایجنڈہ یہ ہے کہ جس کسی بھی ریاست میں انتخابات ہوتے ہیں وہاں جاکر جھوٹے وعدے کرنا اورصرف ووٹ حاصل کرنا ہے ۔ کویتا نے کہا کہ معاشرہ جھوٹ پر نہیں چلتا ۔دونوں اتحادوں میں سے کسی ایک کا ساتھ دینے سے متعلق جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ نہ تو این ڈی اے کے ساتھ ہیں اورنہ ہی آئی این ڈی آئی اے اتحاد کے ساتھ ہیں ۔ اس کے برعکس بی آر ایس پارٹی پیپلز فرنٹ کی نمائندگی کرتی ہے ۔ انہوں نے کانگریس اور بی جے پی دونوں پر صرف "انتخابی پالیسی” پر توجہ مرکوز کرنے کا الزام لگایا جبکہ سی ایم کے سی آر کی قیادت والی بی آر ایس پارٹی ,عوامی مفاد کے بارے میں سوچتی ہے اور اسے پورا کرتی ہے ۔

 

 

بی آر ایس قائد نے مزید کہا کہ چونکہ کسان بی آر ایس پارٹی کو ووٹ دے رہے ہیں ، اس لئے کانگریس پارٹی کے لیڈر خود کو بے نقاب کررہے ہیں اور بتایاکہ کانگریس پارٹی جو کسانوں کے لئے3 گھنٹے بجلی کی فراہمی کی بات کررہی ہے، وہ تاجروں کے لئے بھی تین گھنٹے برقی فراہمی کی بات کریگی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس اور بی جے پی پارٹیاں صرف ان کے ساتھ کھڑی ہوں گی جن کے پاس پیسہ ہے اور بی آر ایس ہمیشہ غریب عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی ۔ انہوں نے کانگریس لیڈران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے الفاظ بولتے ہیں جن کا کوئی مطلب نہیں ہوتا ۔ ریونت ریڈی کے کسان مخالف تبصروں سے عوام نے کسانوں کے تئیں کانگریس کے رویہ کو سمجھ لیا ہے ۔ کویتانے کہا کہ عوام کو اندازہ ہو گیا ہے کہ کانگریس کسانوں کی مدد نہیں کرے گی ۔ نظام آباد کی سابق رکن پارلیمنٹ کے کویتا نے کہا کہ کانگریس لیڈر راہول گاندھی کے الفاظ اور تقریریں محض مقامی لیڈروں کی تحریر کردہ اسکرپٹ ہیں ۔

 

 

انہوں نے کانگریس پارٹی کو یاد دلایا کہ آج جو شخص تلنگانہ پی سی سی کی صدارت کر رہا ہے وہی شخص ہے جس نے سابق وزیر اعلی آنجہانی وائی ایس آر اور کانگریس کی سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ سونیا گاندھی کے خلاف بار بار نامناسب تبصرے کئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی اس تاریخ کے ساتھ ریونت ریڈی کو کیسے ستیہ وادی ہریش چندر مانا جاسکتا ہے.واضح رہے کہ نظام آباد آئی ٹی ہب کا افتتاح29 جولائی کو وزیر آئی ٹی و بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کریں گے ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button