جنرل نیوز

عادل آباد میں جگہ جگہ رمضان کی رونقیں _ بازاروں میں عوام خریداری میں مصروف

خضر احمد یافعی کی رپورٹ 

 

 

عادل آباد۔5/اپریل(اردو لیکس)رمضان المبارک رحمت و برکت اور بخشش و مغفرت کا مہینہ ہے،جیسے ہی رمضان کا چاند نظر آتاہے اہل ایمان کے قلب و جگر میں ایک روحانی کیفیات و سرور چھاجاتا ہے،ذہن و فکر میں پاکیزگی کی لہر دوڑ جاتی ہے،اور رمضان المبارک کے آمد کے ساتھ ہی بازاروں میں رونق بڑھ جاتی ہے۔رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی عادل آباد شہر کے مختلف علاقوں میں افطاری اور بازاروں کی رونق دوبالا ہوگئی ہے،عادل آباد شہر مستقر میں روزے داروں کے لئے جگہ جگہ مختلف قسم کے ذائقہ دار کھانے پینے کی اشیاء بالخصوص حلیم کی دکانیں جگہ جگہ لگائی گئی ہیں۔

 

شہر مستقر عادل آباد میں مسجد محمدیہ کے علاقہ،اولڈ بس اسٹانڈ، ٹھاکر ہوٹل و دیگر مقامات پر واقع مختلف ہوٹلوں میں حلیم کی تیاری کے علاوہ مخصوص حلیم کی دکانیں لگائی گئی ہیں جہاں شام کے وقت رخ کرتے ہوئے ذائقہ دار حلیم و کھانوں کے لئے عوام کا ہجوم دیکھا جارہا ہے۔مسلمانوں کے علاوہ غیر مسلم بھی ذائقہ دار حلیم و دیگر کھانوں کا لطف لیتے ہوئے دیکھائی دے رہے ہیں۔دوسری جانب خواتین کی ایک بڑی تعداد عید کی شاپنگ میں مصروف دیکھی جارہی ہیں۔

 

اس کے علاوہ شہر مستقر عادل آباد کے مختلف مقامات ہر سال کی طرح اس سال بھی پہلے عشرے میں دارالعلوم محمدیہ بھکتاپور،اردو گھر شادی خانہ،رائل پیالیس،عرفہ گارڈن،خانقاہ محمدی میں دس روزہ اجتماعی تراویح کا اہتمام کیا گیا۔جس سے سینکڑوں مسلمانوں نے استفادہ کیا اور دس روزہ تراویح کے اختتام پر عالم اسلام کی سلامتی،خوشحالی و امن و امان کی برقراری کے لئے علماء کرام نے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا۔جبکہ ضلع عادل آباد کی تمام مساجد میں روح پرور مناظر کا سلسلہ جاری ہے۔بازاری علاقوں کی مساجد میں شدید دھوپ کے سبب روزہ دار تاجرین اپنا اکثر وقت مساجد میں گذار رہے ہیں۔اس طرح رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی سحر و افطار اور روزوں و تراویح کے ذریعے سخت دھوپ کے باوجود مساجد کی رونقیں نمازیوں کی کثیر تعداد کے سبب واپس لوٹ آئی ہیں۔رمضان المبارک میں مسلمانوں کی بڑی تعداد نماز روزہ ذکر و اذکار صدقہ خیر خیرات اور مختلف عبادات کا جہاں اہتمام کرتی ہیں وہیں مختلف رفاہی فلاحی تنظیموں کی جانب سے اہل خیر حضرات کے تعاون سے مستحق افراد کی نشاندھی کرتے ہوئے ضرورت مندوں تک ضروری سامان پہنچانے کی خدمات میں مصروف ہیں۔

 

بہت سے نوجوان سحر کے وقت مسافروں اور ضرورت مندوں تک سحر کے وقت راست کھانے پینے کا بندوبست کررہے ہیں اور اسی طرح تاجر حضرات مختلف قسم کے ملبوسات بالخصوص نسوانی ملبوسات نت نئے ڈیزائنگ کے ملبوسات منگواکر اس کی تشہیر کرتے ہوئے گاہکوں کو اپنی اپنی دکانات پر مائل کرنے میں مصروف ہیں۔افطار کے وقت پھلوں کی فروخت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے پھلوں کی دکانوں کو مختلف اقسام کے پھلوں سے بہترین انداز میں سجایا گیا ہے اور روزہ دار جہاں افطار کے وقت پھل خریدتے ہیں وہیں مرچی، بھجیے،دہی بڑے و دیگر تلن کی اشیاء کے ساتھ ساتھ قیمے کے سموسے بھی ضرور خریدتے ہیں۔اکثر خواتین اپنے گھروں میں قیمے کے سموسے بناکر افراد خاندان کے ذریعے فروخت کرواتی ہیں جس سے رمضان المبارک کا ایک مہینہ ان کا آسانی سے گذر بسر ہوجاتا ہے۔

 

مساجد میں ائمہ حضرات اپنی تقاریر و قرآن کریم کی تفسیر میں رمضان کے فضائل اور عبادات اور قرآنی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے سے متعلق باتیں بتا رہے ہیں وہیں مسلمان رمضان المبارک میں جس طرح عبادات کا خصوصی اہتمام کرتے ہیں رمضان کے بعد بھی عبادات کا اہتمام کرنے کی تلقین کررہے ہیں۔مہنگائی کے اس دور میں آج جہاں عام لوگ پریشان ہیں اور مہنگائی حد سے زیادہ بڑھ چکی ہے اس کے باوجود روزے داروں میں افطاری کی خریدی میں اور لوگوں کے جوش و خروش میں کوئی کمی نظر نہیں آرہی ہے۔

 

۔بہر حال دیکھا جائے تو رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی عادل آباد شہر کے بازاروں میں رونقیں بڑھ گئی ہے۔اور مساجد میں بھی نمازیوں کی تعداد میں کافی اضافہ دیکھا جارہا ہے۔رمضان المبارک سے قبل صاف صفائی کو لیکر ضلع انتظامیہ کو آگاہ کیا تھا۔جس کے بعد مسجدوں کے آس پاس اور شہر کی سڑکوں پر صاف صفائی کا انتظام مجلسِ بلدیہ کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔رحمت والے عشرے کے ختم کے ساتھ ہی مغفرت کا عشرہ شروع ہوچکا ہے۔جس میں اللہ تعالیٰ نے بندوں کی مغفرت کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button