جنرل نیوز

جنگاؤں میں ضلع حج سوسایٔٹی کے زیر اہتمام حج تربیتی پروگرام سے علمائے کرام کا خطاب

عازمین حج کو اپنا زیادہ تر وقت عبادتوں میں گذارنےکی تلقین

ضلع حج سوسایٔٹی جنگاؤں کے زیر اہتمام صادق فاؤنڈیشن کے حسن تعاون سے ایک روزہ عازمین حج کیلئے تربیتی پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس پروگرام کی صدارت نائب صدر سوسائٹی جناب انور شریف نے کی۔بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے مولانا فرقان علی قاسمی امام و خطبع مسجد انجم و جنرل سکریٹری جمعیت علما کریم نگر نے فرمایا کہ اللہ کی گھر کی زیارت کا مل جانا بے

 

انتہا خوش نصیبی کی بات ہے۔ مال و زر کا رہنا وہاں جانے کی گیارنٹی نہیں بلکہ کئی افراد روزانہ کی ضروریات کی تخفیف کرتے ہوئے مسلسل دعاؤں سے اپنے آپ کو اللہ کے یہاں قبول کراتے ہیں۔ اللہ أپ سب کے سفر کو قبول فرمائے۔ انہوں نے تمام عازمین حج کو اپنی نمازیں حرم میں ادا کرنے کا مشورہ دیا نیز فوٹو گرافی جیسے لغویات سے اجتناب کرنے کی تلقین کی۔

 

ریاستی حج کمیٹی کے ماسٹرٹرینر مولانا مظہر القاسمی نقشبندی نے پروجیکٹر کی مدد سے مکمل مناسک حج اور زیارت مدینہ منورہ سمجھائے۔ انہوں نے اراکین حج میں جلد بازی نہ کرنے اور سکون و اطمینان کے ساتھ ادائیگی کا مشورہ دیا۔ زیادہ مصالحہ دار غداؤں سے پرہیز کرنے اور اپنی صحت کی حفاظت کرنے کا مشورہ دیا۔ روزانہ پیدل چلنے اور دعائیں مانگنے کی عادت اختیار کرنے کو کہا۔ روضۂ رسول ﷺ کی زیارت بھی سکون و اطمینان سے کرنے اور بالکل بے ادبی نہ کرنے کی تلقین کی۔

 

حج سوسائٹی جنگاؤں کے جنرل سکریٹری محمد خواجہ مجتہد الدین نے دیگر انتظامی امور اور مرکزی حج کمیٹی کی ہدایات سے عازمین حج کو واقف کروایا نیز اس سال حج کمیٹی کی جانب سے روبہ عمل لائی گئی تبدیلیوں سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے عازمین حج کو مبارکباد دی اور اپنی مخصوص دعاؤوں میں عالم اسلام اور ملک کے مسلمانوں کے حالات کی درستگی اور عافیت کے ساتھ زندگی گذارنے کیلئے خصوصی دعائوں کی تلقین کی۔ اس موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی محمد عبدالصمد رکن بلدہ ’ مسیح الرحمن ذاکر صدر جامع مسجد جنگاؤں’ سرورمحی الدین غازی صدر حج سوسائیٹی متحدہ ضلع ورنگل کے علاوہ حج سوسائٹی کے ذمہ داران محمد ظہیر الدین’ محمد جلیل’ محمد حفیظ’ محمد جمال الدین ’ محمد عمران اور صادق فاؤنڈیشن کے چیرمن محمد صادق علی اور جنگاؤں’ ورنگل’ محبوب آباد ’ سدی پیٹ’ بھونگیر اور متصلہ ضلع کے عازمین حج کی کثیر تعداد موجود رہی۔ مولانا مظہر القاسمی کی دعا اور مجتہد الدین کے ہدیہ تشکر پر اس ایک روزہ تربیتی پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button