تلنگانہ

بیڑی ورکر کی بیٹی کا ڈاکٹر بننے کا خواب پورا ہوگا: کویتا

رکن کونسل نے ذاتی خرچ سے غریب طالبہ کی میڈیکل فیس ادا کی

نظام آباد 9/ نومبر (اردو لیکس) تلنگانہ عوام کی امنگوں اوران کے درخشاں مستقبل کے نعرہ کے ساتھ ٹی آرایس پارٹی نے جس تحریک تلنگانہ کا آغازکیا تھا‘ آج اس تحریک کی حقیقی تعبیرعوام کے سامنے نظرآرہی ہے۔آج بجا طورپر تلنگانہ کے عوام خطہ کے وسائل سے بھرپور استفادہ کررہے ہیں اورتلنگانہ قائدین ان کے حقوق ان کی دہلیزپر پہنچ کرانہیں فراہم کررہے ہیں۔

تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے تلنگانہ عوام کوآج نہ صرف حکومتی اسکیمات کے فوائدپہنچائے جارہے ہیں بلکہ ذاتی طورپر تلنگانہ قائدین ان کے مسائل اوردردکومحسوس کرتے ہوئے ان کی ایک آواز پران کا سہارابننے کیلئے دوڑ پڑتے ہیں۔ انہی قائدین میں کے کویتا کا بھی شمارہوتا ہے جنہوں نے نہ صرف معذورین‘مختلف مسائل سے دوچارتارکین وطن‘کوویڈ کے دوران دیگرریاستوں میں پھنس جانے والے تلنگانہ کے شہریوں‘خطرناک عوارض سے دوچارمریضوں کے علاوہ شدید معاشی پسماندگی کے باوجودتعلیم کی تشنگی رکھنے والے طلبہ کا ہاتھ تھام کرانہیں مسائل کے اندھیرے سے نکال کران کے روشن مستقبل کی جانب انہیں گامزن کرنے میں کوئی کسرباقی نہیں رکھی ہے۔

سیاسی مخالفین کی جانب سے انہیں عوامی خدمت سے دوررکھنے کے تمام حربوں کے باوجودوہ اپنے محاذپرنہ صرف ڈٹی ہوئی ہیں بلکہ اپنے فلاحی اقدامات کے ذریعہ انہوں نے عوام کے دلوں میں ایک خاص مقام بنالیاہے۔رکن تلنگانہ قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتاآج بھی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہیں اور عوام کے امنگوں اور ان کے خوابوں کو مکمل کرنے میں نمایاں کردار ادا کررہی ہیں۔

انہوں نے آج نظام آباد سے تعلق رکھنے والی ماں (انورادھا) اور بیٹی ہریکا سے ملاقات کرتے ہوئے اپنا دست تعاون دراز کیا۔دختر وزیراعلیٰ نے میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے کے لئے ہریکا کے فیس کی پہلی قسط کا چیک حوالے کیا۔ہریکانامی لڑکی جس کے والد کا بچپن ہی میں دیہانت ہوگیا تھا اور جس کی ماں بیڑی ورکر ہے، نے یوٹیوب ویڈیوز کے ذریعے تعلیم حاصل کرتے ہوئے میڈیکل نشست حاصل کی۔

ہریکا نے اس سال کے NEET امتحان میں قومی سطح پر 40ہزارواں اور ریاستی سطح پر 700 واں رینک حاصل کیا۔ایم ایل سی کلواکنٹلہ کویتا، جنہیں میڈیا رپورٹس کے ذریعے معلوم ہوا کہ ایم بی بی ایس کی نشست حاصل کرنے کے باوجود مالی وسائل کی کمی کی وجہ سے کالج میں داخلہ نہیں لیا گیا، رکن کونسل کویتانے فوراً رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ہریکا کے ڈاکٹر بننے کا خواب پورا کریں گی۔ انہوں نے ہریکا سے اپنے نظام آباد کے دورہ کے موقع پر ملاقات کی اور تیقن دیا کہ وہ ایم بی بی ایس کورس کو مکمل کرنے کا سارا خرچ برداشت کریں گی۔

ایم ایل سی کویتا نے آج ٹوئیٹر پر ہریکا کا غربت کے باوجود اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا جذبہ اور اس کے خوابوں کو پورا کرنے میں کی گئی مدد سے متعلق خبر کو ایک حوصلہ افزا پیغام کے ساتھ شیئر کیا۔ انہوں نے ٹویٹ کیاکہ خواب دیکھنے کی ہمت کریں اور پھر کبھی بھی کوشش کرنا نہ چھوڑیں جب تک کہ آپ اپنے خواب کو پورا نہ کرلیں۔ یہ ہریکا کی کہانی ہے، جس نے یوٹیوب ویڈیوز کے ذریعے NEET کے امتحان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اورنمایاں کامیابی حاصل کی۔ میں نے اس سے اور اس کی ماں سے ملاقات کی اور اس کے خوابوں کی تکمیل کے لئے دست تعاون دراز کیا۔بغیر باپ کی بیٹی جس کی ماں ایک بیڑی ورکر ہے، نظام آباد کی ہریکا ہر اس شخص کے لئے ایک تحریک ہے جو آگے بڑھنے کا خواب دیکھتے ہیں۔ ہریکا اور اس کی ماں سے ملنا، اور اس کے ناقابل یقین سفر کا حصہ بننا واقعی ایک نعمت ہے۔ ہریکا جس نے بغیر کسی کوچنگ کلاس کے صرف یوٹیوب پر دستیاب اسباق کے ذریعے اپنا NEET کا امتحان پاس کیا اور ایم بی بی ایس کی نشست حاصل کی۔

وہ تلنگانہ اور ہندوستان کے بہت سے نوجوانوں کے لئے ایک مثال ہے۔اس موقع پر بات رکن کونسل نے بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ اگر آپ میں تعلیم حاصل کرنے کا جذبہ اور خواہش ہو تو دنیا کی کوئی طاقت آپ کو نہیں روک سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہریکا نے ثابت کر دیا ہے کہ غربت تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ایم بی بی ایس کی نشست حاصل کرنے پر خوش ہیں۔

انہوں نے تمام طلباء کو ہریکا سے تحریک لینے کی اپیل کی۔ ہریکا نے اپنی ایم بی بی ایس کی تعلیم میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور ڈاکٹر بننے کے بعد معاشرے کی خدمت کرنے کا عزم کیا۔ہریکا نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ کویتا نے ان کی پڑھائی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مالی مدد فراہم کی۔ چیک وصول کرتے ہوئے ہریکا جذباتی ہو گئی۔ ہریکا نے کہا کہ وہ اچھی طرح سے تعلیم حاصل کریں گی اور دختر وزیر اعلیٰ کویتا کی تجویز کے مطابق معاشرے کی مدد کریں گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button