خطرناک مجرم ریاض عرب کا پولیس پارٹی پر حملہ -کانسٹیبل ہلاک سب انسپکٹر زخمی۔ نظام آباد میں سنسنی خیز واردات
Photo courtesy to batukammanews
تلنگانہ کے نظام آباد میں خطرناک مجرم ریاض عرب کا پولیس پارٹی پر حملہ – کانسٹیبل ہلاک سب انسپکٹر زخمی مجرم پولیس پر حملے کے بعد فرار

نظام آباد – 17 اکتوبر ( اردولیکس)تلنگانہ کے نظام آباد شہر میں ایک سنسنی خیز واردات پیش آئی۔ اطلاعات کے مطابق محمدیہ کالونی سے تعلق رکھنے والا خطرناک مجرم ریاض عرب کو ایک کیس کے سلسلہ میں سی سی ایس پولیس نے حراست میں لیا تھا۔ جب پولیس اسے اسٹیشن لے جا رہی تھی تو اس نے اچانک پولیس پارٹی پر چاقو سے حملہ کر دیا۔
اس حملے میں سی سی ایس کانسٹیبل پرمود بری طرح زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا جا رہا تھا لیکن راستے میں ہی انہوں نے دم توڑ دیا۔ حملے میں ایس آئی وٹھل بھی زخمی ہوئے جن کی حالت اب مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ریاض محمدیہ کالونی کا رہنے والا اور متعدد چوری و قتل کے مقدمات میں ملوث پرانا مجرم ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ سمد نامی گینگ سے وابستہ ہے اور اس پر کئی مقدمات زیرِ التوا ہیں۔
حملہ میں ہلاک کانسٹیبل پرمود حال ہی میں ٹریفک پولیس سے سی سی ایس میں تبادلے پر آئے تھے، جب کہ ان کا بھائی بھی پولیس ڈپارٹمنٹ میں خدمات انجام دے رہا ہے۔
واقعہ کے بعد محکمہ پولیس میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ مفرور مجرم ریاض کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کر دی گئی ہے۔



