کریم نگر میں قرض کے بوجھ سے ڈاکٹر کی خودکشی — دوستوں کی دھمکیاں اور بینک دباؤ نے لے لی جان

تلنگانہ کے کریم نگر ضلع کے ناگونور میں واقع پرتیما میڈیکل کالج کے انستھیسیا کے شعبہ میں پی جی کے دوسرے سال کے طالب علم ڈاکٹر 42 سالہ ایم پتی سرینواس نے مالی پریشانیوں سے دل برداشتہ ہو کر خودکشی کرلی۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر سرینواس نے اپنے دوستوں اور بینکوں سے بھاری قرض لیا تھا۔ انہوں نے ونجنور کے کروناکر سے ایک کروڑ پچاس لاکھ روپے، جبکہ اپنے تین دوستوں کرن، کویتا اور وینکٹ نرہری سے ایک کروڑ پینتیس لاکھ روپے اور بنجیرپلی کے کمار سوامی سے دو لاکھ روپے بطور قرض حاصل کیے تھے۔
بتایا گیا ہے کہ قرض واپس نہ کرنے پر بینک عہدیداروں کی جانب سے ای ایم آئی کی ادائیگی کے لیے دباؤ ڈالا جارہا تھا، جبکہ دوستوں نے بھی رقم واپس نہ کرنے پر دھمکیاں دینا شروع کر دی تھیں۔ مسلسل ذہنی تناؤ اور مالی بوجھ کے سبب ڈاکٹر سرینواس نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے نیند کا انجکشن کے ذریعہ اپنی جان دے دی۔



