این آر آئی

سعودی عرب سے تارکین وطن کی ترسیلات زر مسلسل کم ہونے لگیں

ریاض ۔ کے این واصف

سعودی عرب میں رواں سال نومبر کے دوران تارکین وطن کی ترسیل زر میں سالانہ کی بنیاد پر 18.9 فیصد کمی ہوئی ہے۔ الاقتصادیہ کے مطابق تارکین وطن نے رواں سال نومبر کے دوران 10.5 ارب ریال بھیجے جبکہ پچھلے برس 2021 کے نومبر میں 12.97 ارب ریال بھیجے گئے۔ 2.45 ارب ریال کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

سعودی سینٹرل بینک (ساما) کی جانب سے جاری اعدادوشمار میں بتایا گیا کہ رواں سال نومبر میں تارکین وطن کی ترسیل زر گزشتہ 31 ماہ کے دوران سب سے کم رہی۔ اپریل 2020 سے نومبر 2022 تک جو ترسیل زر ہوئی اس میں سب سے کم رواں سال نومبرمیں رہی ہے۔

سال رواں کے شروع سے 133.2 ارب ریال کی ترسیل زر ہوئی۔ 2021 کے مقابلے میں 6.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ 2021 میں 142.8 ارب ریال بھجوائے گئے تھے۔ 9.6 ارب ریال کی کمی ہوئی ہے۔سالانہ کی بنیاد پر مسلسل ساتویں ماہ میں تارکین کی ترسیل زر کم رہی۔ نومبر میں مئی 2019 کے بعد سے ریکارڈ کمی دیکھی گئی ہے۔

گزشتہ برس2021 میں تارکین نے 153.9 ارب ریال بھجوائے تھے۔ 2020 میں 149.7 ارب ریال کی ترسیل کی گئی۔ 2.8 فیصد شرح نمو دیکھی گئی۔یاد رہے کہ 2020 میں ترسیل زر میں شرح نمو سب سے زیادہ تھی۔ 19.3 فیصد شرح نمو ریکارڈ کی گئی تھی جو 2009 کے بعد سے سب سے زیادہ تھی۔

تارکین کے ترسیل زر مین کمی آنے کی ایک ممکنہ وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ جب سے حکومت نے وزٹ ویزا کے اجرا میں آسانیاں کی ہیں تب سے تارکین کی بڑی تعداد اپنے اہل و عیال کو وزٹ ویزا پر یہاں بلوا رہے ہیں۔ جب بڑی تعداد میں فمیلیز یہاں رہیں گی تو لوگ اپنے وطن پیسہ کم بھجوائیں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button