تلنگانہ

سرکاری لوگو میں چارمینار کی تصویر برقرار رکھنے مجلس کا مطالبہ

حیدرآباد _ 31 مئی ( اردولیکس)  کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے مطالبہ کیا ہے کہ چار مینار کی علامت کو تلنگانہ کے سرکاری لوگو میں برقرار رکھا جائے۔ یہ تلنگانہ کی جامع ثقافت کی طویل تاریخ کی علامت ہے۔ حکومت کی جانب سے سرکاری لوگو میں سے چار مینار کی تصویر نکال دیئے جانے کے منصوبہ پر مجلس کی جانب سے پارٹی کے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر یہ مطالبہ پوسٹ کیا گیا۔

 

مجلس کے سوشیل میڈیا پلیٹ پر اسے پوسٹ کئے جانے کے بعد صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے بھی اسے ری پوسٹ کیا۔ مجلس کی جانب سے اس ضمن میں امید ظاہر کی گئی کہ سرکاری لوگو میں چار مینار کو برقرار رکھا جائے گا۔ پارٹی کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ حکومت اور ہمیں اس بات کو بھی یقینی بنانا چاہئے کہ چار مینار کے آس پاس کے علاقوں میں بھی ترقی نظر آئے۔

 

حیدر آباد کی تہذیبی ثقافت اور تاریخی ورثہ کے آس پاس علاقوں میں ترقیاتی کام سست روی کا شکار ہیں انہیں جلد از جلد مکمل کیا جانا چاہیے۔ چار مینار کے اطراف ترقیاتی کاموں میں چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ ، سڑکوں کی توسیع کے کام، نائٹ بازار، چار مینار بس اسٹانڈ پر پارکنگ لاٹ کی تعمیر، سردار محل اور چوک مارکیٹ کی تزئین و آرائش کام اور گلزار حوض کے قریب سڑک کی توسیع شامل ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button