ایجوکیشن

عادل آباد کے ریسرچ اسکالرمحمد ندیم ارشد کو معاشیات میں پی ایچ ڈی

عادل آباد ۔ 2/مارچ (اردو لیکس)عادل آباد شہر کے ریسرچ اسکالر محمد ندیم ارشد (اسکول اسسٹنٹ انگریزی، ضلع پریشد ہائی اسکول چپرالہ، منڈل بیلا) کو معاشیات میں پی۔ایچ۔ڈی (Ph.D) کی ڈگری سے نوازا گیا۔ان کے تحقیقی مقالہ ’’ تلنگانہ ریاست میں کپاس کی مارکیٹنگ کے مسائل اور امکانات – ایک مطالعہ‘‘کے لیے تلنگانہ کی مشہور کاکتیہ یونیورسٹی  کی جانب سے پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض کی گئی ہے

 

۔محمد ندیم ارشد نے اپنا تحقیقی مقالہ کاکتیہ یونیورسٹی ورنگل کے صدر شعبہ معاشیات پروفیسر بی۔سریش لال کی نگرانی میں مکمل کیا ہے۔جبکہ پی ایچ ڈی کے مکمل دورانیہ میں ریاست تلنگانہ کے مشہور ماہر معاشیات پروفیسر ڈاکٹر اقبال علی صاحب، سابقہ وائس چانسلر شاتا واہنا یونیورسٹی کی سرپرستی اور مکمل رہنمائی حاصل رہی۔ان کے پی ایچ ڈی کے مقالے کا وایوا شعبہ معاشیات، کاکتیہ یونیورسٹی ورنگل کے سیمینار روم میں بتاریخ 14 فروری کو عمل میں آیا تھا۔

 

اس تحقیقی مقالہ کے ممتحن پروفیسر ورا پرساد راؤ رجسٹرار شاتا واہنا یونیورسٹی، پروفیسر منوہر، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسس کاکتیہ یونیورسٹی، پروفیسر بی۔سریش لال ، ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹ آف اکنامکس، کاکتیہ یونیورسٹی کے علاوہ یونیورسٹی کے دیگر ماہرین معاشیات ، پروفیسرس، ریسرچ اسکالرس موجود تھے۔

اوپن وایوا میں موضوع سے متعلق ممتحن اور شرکاء کی جانب سے گونا گو ں سوالات کے گئے۔جس کا محمد ندیم ارشد نے بڑی خوش اسلوبی اور اطمینان سے تشفی بخش جواب دیا۔ممتحن نے ان کے کام سے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ستائش کی۔بعد ازاں شعبہ معاشیات کے پروفیسرس اور اسکالرس نے ایک مشکل اور وسیع موضوع پر کام کر نے کے لئے محمد ندیم ارشد اور ان کے نگران پروفیسر بی۔سریش لال کو مبارکباد دی۔اس موقع پر محمد ندیم ارشد ریسرچ اسکالر نے پی۔ایچ۔ڈی کی ڈگری کے حصول پر بتایا کہ سب سے پہلے تو یہ اللہ کے فضل کا نتیجہ ہے تو دوسری طرف اس کامیابی میں والد محترم، عادل آباد کی مشہور و معروف شخصیت مولوی محمدعبدالرشید صاحب اور والدہ محترمہ شاکرہ بیگم صاحبہ کی ہمت افزائی اور خصوصی رہنمائیوں کا دخل ہے۔

 

انھوں نے اپنے  نگراں اساتذہ اور دوستوں کا بھی شکریہ ادا کیا، جن کی شفقت، حوصلہ افزائی نے مقالہ کے بعض دشوار گزار مراحل میں ان کی مدد کی اور مقالہ کو خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچا۔واضح رہے کہ محمد ندیم ارشد کا تعلق ضلع مستقر عادل آباد سے ہے۔موصوف دینی، ملی، سماجی، تعلیمی، رفاہی و اصلاحی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔یہ بات کسی سے مخفی نہیں ہے کہ تلنگانہ کا یہ ضلع تعلیم وتعلم اور جملہ وسائل تعمیر و ترقی میں ہنوز پسماندہ شمار کیا جاتا ہے۔اس لحاظ سے ندیم ارشد کو ’ڈاکٹر آف فلاسفی‘ کا ملنا شہر اور علاقے کیلئے باعث صد افتخار ہے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button