انٹر نیشنل

سعودی عرب میں گرمی بڑھے گی، درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ پہنچنے کا امکان۔ احتیاط کا مشورہ

ریاض ۔ کے این واصف

امسال مملکت میں موسم گرما کا آغاز قدرے تاخیر سے ہوا مگر محکمہ موسمیات نے انکشاف کیا کہ اس سال گرمی شدید رہے گی۔ ایام حج کے آتے آتے موسم کافی گرم ہوجائے گا۔ اس لئے محکمہ نے عازمین حج کو پہلے ہی احتیاط کا مشورہ دے دیا تھا۔ ایک تازہ اعلامیہ میں سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات کا کہنا ہے مملکت بھر میں ہفتہ یکم جون سے باقاعدہ موسم گرما کا آغاز ہو جائے گا۔

 

عربی روز نامہ عکاظ نے موسمیات کے قومی مرکز کے حوالے سے بتایا کہ موسم گرما کے باقاعدہ آغاز کے حوالے سے دیگر سرکاری اداروں کے تعاون سے احتیاطی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ احتیاطی تدابیر کے بارے میں متعلقہ اداروں کو بھی مطلع کردیا گیا ہے۔ درجہ حرارت میں اضافے کے باعث شدید دھوپ میں کارکنوں سے کام نہ لیا جائے۔قومی مرکز کے ترجمان حسین القحطانی نے کہا کہ یکم جون سے موسم گرما کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا جس میں گرمی میں اضافہ ہوگا جبکہ پہاڑی مقامات پر بارش کا بھی امکان ہے۔

 

ترجمان نے کہا موسمیاتی مرکز کی جانب سے درجہ حرارت کو ریکاڈ کرنے اور موسم کے بارے میں بروقت اطلاع فراہم کرنے کےلیے جدید آلات سے آراستہ لیبارٹریز کی سہولت فراہم کی گئی ہے جو مصنوعی سیاروں کے ذریعے موسمی حالات کی رپورٹس ارسال کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں متحرک یونٹس بھی مختلف شہروں اور مقامات پر موجود ہیں جو درجہ حرارت کے بارے میں فوری رپورٹس ارسال کرتے ہیں۔

 

سعودی موسمیاتی کمیٹی کے رکن علی مشہور کا کہنا ہے اس سال مملکت کے وسطی اور مشرقی علاقے میں درجہ حرارت 48 سے 50 ڈگری سیلیس تک پہنچنے کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button