تلنگانہ

بی آر ایس کو ایک نشست پر بھی نہیں ملے گی کامیابی _ وزیر وینکٹ ریڈی کی نظام آباد میں پریس کانفرنس

نظام آباد:یکم/جون ( محمد یوسف الدین خان) ریاستی وزیر آر اینڈ بی مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہاکہ پارلیمانی انتخابات میں کانگریس پارٹی 12تا 14حلقوں سے کامیابی حاصل کرے گی۔ جبکہ بی آر ایس پارٹی ایک بھی حلقہ سے کامیاب نہیں ہوگی اور پارلیمانی انتخابات کے نتائج کے بعد بی آر ایس پارٹی کا وجود باقی نہیں رہے گا۔ برائے نام تین افراد خاندان ہی باقی رہ جائیں گے۔ ریاستی وزیر آر اینڈ بی مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی آج ہوٹل کرشنا نظام آباد میں منعقدہ صحافتی کانفرنس سے مخاطب کررہے تھے کہاکہ بی آر ایس ایم ایل اے کے تارک راما راؤ اقتدار کھودینے کے بعد ان کا ذ ہنی توازن بگڑ گیا ہے تلنگانہ گیت کو سیاسی مسئلہ بناکر چارمینار پر احتجاج کرنا اس کی واضح مثال ہے

 

۔جبکہ کانگریس حکومت تمام کی اتفاق رائے سے تلنگانہ لوگو کا فیصلہ کرے گی۔ ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہاکہ چھ دہوں سے کی جارہی جدوجہد اور کئی قربانیوں کے بعد مسز سونیا گاندھی نے علیحدہ ریاست تلنگانہ کا قیام 2014ء میں عمل میں لایا۔ انہوں نے کہاکہ مسز سونیا گاندھی کی بدولت ہی تلنگانہ ریاست کی تشکیل عمل میں آئی جس پر کے چندرا شیکھر راؤ نے کہا تھا کہ مسز سونیا گاندھی نہ ہوتی تو تلنگانہ کبھی نہیں بنتا۔ اس کے علاوہ کے چندرا شیکھرراؤ نے کہاتھا کہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کا قیام عمل میں لانے پر اپنی پارٹی ٹی آر ایس کو کانگریس پارٹی میں ضم کردیں گے

 

لیکن سابقہ چیف منسٹر نے 10سالوں کے دوران کئی دھاندلیاں و اسکام میں ملوث رہے۔ بھیڑ، بکریاں، کالیشورم پراجیکٹ، دھرانی پورٹل، مچھلی پالن، دلت کو چیف منسٹر بنانے سے لیکر شراب اسکام میں تک ہر معاملے میں بد عنوانیاں و دھاندلیاں کرتے ہوئے دولت حاصل کرتے رہے۔ اسی طرح تلنگانہ کے حصول کیلئے قربانیاں دینے والے خاندانوں کو نظرانداز کرتے ہوئے ناانصافیاں بھی کی۔ انہوں نے کہاکہ فون ٹیاپنگ کیس کی تحقیقات میں کئی انکشافات منظر عام پر آنے کی توقع ہے انہوں نے بتایاکہ سال 2016ء میں بحیثیت نظام آباد ایم پی مسز کے کویتا کی کارکردگی کو دیکھ کر یہ قیاس آرائی کی تھی کہ آئندہ پارلیمانی انتخابات میں مسز کے کویتا کو ضرور شکست ہوگی جو 2019ء کے پارلیمانی انتخابات میں سچ ثابت ہوئی۔انہوں نے کہاکہ سابقہ چیف منسٹر کے سی آر دورِ حکومت کے موقع پر ریاستی وزراء اور ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی کو ملاقات کا وقت ہی نہیں دیا کرتے تھے۔اور آج ارکان اسمبلی سے ملاقات کیلئے بے چین نظرآتے ہیں

 

ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے وزیر اعظم نریندر مودی او وزیر داخلہ امیت شاہ پر فرقہ وارانہ سیاست اپنانے کا سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہاکہ یہ دونوں ہمیشہ ہندو مسلم کا فارمولہ ہی اختیار کرتے رہے لیکن یہ فارمولہ ہمیشہ کامیاب نہیں ہوتا۔انہوں نے کہاکہ مرکز میں انڈیا اتحاد ہی حکومت بنائے گی۔ ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہاکہ اگلے دس سالوں تک کانگریس اقتدار میں رہے گی اور چیف منسٹر ریونت ریڈی ہی رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ ریاست کے 119اسمبلی حلقوں کی ترقی کانگریس حکومت کا اہم مقصد ہے جس میں کوئی تعصبیت یا جانبداری نہیں۔

 

کانگریس پارٹی نے تلنگانہ ریاست قائم کیا ہے اور کانگریس پارٹی ہی تلنگانہ کو ترقی دے گی۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس حکومت چھ مہینوں میں عوام سے کئے گئے تما م وعدوں کو پورا کرے گی۔ کانگریس پارٹی کا شکست خوردہ ایم ایل اے امیدوار کانگریس پارٹی کے لئے منتخبہ ایم ایل اے کے مماثل ہی رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ نظام آباد ضلع کی ترقی کیلئے اہم قدم اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے سال 2004ء میں مادھو نگر ریلوے اوور بریج کی تعمیری منظوری دی تھی

 

جو تاحال مکمل نہ ہونے پر بی جے پی ایم پی ڈی اروند اور سابقہ ایم پی مسز کے کویتا کی کوتاہی کا نتیجہ ہے۔ ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے 10سالہ تقاریب کے انعقاد میں شرکت کیلئے سابقہ چیف منسٹر کے سی آر کو مدعو کیا گیا ہے لیکن وہ اس پروگرام میں شرکت کرتے ہیں یا نہیں۔ تاحال کوئی اطلاع نہیں۔ انہوں ے بتایاکہ مسز سونیا گاندھی کو بھی 10سالہ تقاریب میں شرکت کیلئے مدعو کیا گیا ہے لیکن صحت کی ناسازی کے پیش نظر شرکت کرتی ہے یا نہیں تاحال کوئی اطلاع نہیں ہے۔ اس موقع پر صدر ضلع کانگریس کمیٹی مانالہ موہن ریڈی، سٹی صدر کیشو وینو نے ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کا خیر مقدم کرتے ہوئے شالپوشی و گلدستہ پیش کرتے ہوئے تہنیت کی۔

 

اس صحافتی کانفرنس میں نظام آباد پارلیمانی امیدوار ٹی جیون ریڈی، نظام آباد ررل ایم ایل اے ڈاکٹر بھوپت ریڈی، کانگریس قائدین گڑگو گنگادھر، جاوید اکرم، سایا ریڈی، وینو راج، راما کرشنا، اور دیگر قائدین موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button