انٹر نیشنل

حج کے رکن آعظم “وقوف عرفہ” کے لئے لاکھوں عازمین میدان عرفات میں جمع

جدہ _ 15 جون ( اردولیکس ڈیسک) حج کا اہم  رکن وقوف عرفات کی ادائیگی کے لئے لاکھوں عازمین حج آج ہفتہ 15 جون کو میدان عرفات میں پہنچ گئے ہیں جہاں وہ ظہر اور عصر کی نمازیں قصر و جمع کی صورت میں ادا کریں گے اورخطبہ حج سنیں گے۔ مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیا جائے گا۔مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ماہر حمد المعیقلی خطبہ حج دیں گے، جسے اردو سمیت 50 زبانوں میں نشر کیا جائے گا۔

وُقوف عَرَفات سے مراد میدان عرفات میں حجاج کرام کا توقف کرنا ہے۔ یہ عمل مناسک حج میں دوسرا عمل ہے اور اسے روز عرفہ یعنی 9 ذی الحجہ کے دن میدان عرفات میں انجام دیا جاتا ہے۔ میدان عرفات میں توقف کرنے کا واجب وقت ظہر سے مغرب تک ہے۔ توقف کی کم سی کم مقدار جس پر توقف صدق آئے حج کے ارکان میں سے ہے۔

حجاج سارا دن میدان عرفات میں عبادت اور دعائیں کرتے گزاریں گے۔ عرفات میں حج کا خطبہ سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نماز ملا کر ادا کی جائے گی۔ مغرب سے قبل حجاج کرام مزدلفہ کی طرف روانہ ہوں گے اور وہاں مغرب اور عشا کی نماز اکٹھی پڑھیں گے۔ مزدلفہ میں حجاج کرام رمی جمرات کے لیے کنکریاں اکھٹی کریں گے ۔

 

اتوار کی صبح حجاج کرام واپس منیٰ روانہ ہوں گے اور رمی جمرات کریں گے جس کے بعد قربانی کی جائے گی اور عازمین کا فریضہ حج مکمل ہو جائے گا

متعلقہ خبریں

Back to top button