ڈاکٹر محمد مبشر احمد، ناظم شہر جماعت اسلامی ہند عظیم ترحیدرآباد کی جانب سے عامتہ المسلمین کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد

ڈاکٹر محمد مبشر احمد ناظم شہر جماعت اسلامی ہند عظیم ترحیدرآبادنے عید الاضحیٰ کے موقع پر عامتہ المسلمین کو عید قرباں کی پر خلوص مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید قرباں محض جانور کی قربانی کا نام نہیں ہے بلکہ اللہ تعالیٰ کی اطاعت و بندگی میں حضرت ابراہیمؑ و حضرت اسمعیلؑ کی یکسوئی اور سر تسلیم خم کرنے کی سنت کی تجدید کا پیغام ہے۔اپنے صحافتی بیان میں انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی سنت ابراھیمی ؑکی یاد تازہ کرتی ہے۔ ملت ابراہیمی ؑکا فردہونے کی حیثیت سے ہم یکسوئی کے ساتھ حنیفیت،ابراھیمیؑ مشن،دعوتِ توحید کے علمبردار بنیں۔
انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کا یہ موقع جہاں جذبہ قربانی کو پروان چڑھاتا ہے وہیں غریبوں اور ضرورتمندوں کی ضرورتوں کو پورا کرنے کی طرف متوجہ کرتا ہے۔ڈاکٹر محمد مبشر احمدنے کہا کہ قربانی کے ایام میں صرف قربانی کا عمل ہی اللہ تعالیٰ کو سب سے زیادہ محبوب ہے۔ لہٰذا مسلمان حتی الامکان قربانی کا اہتمام کریں۔ناظم ِشہر نے کہا کہ عید قرباں یہ درس دیتی ہے کہ اہل ایمان کے لئے اللہ کے احکام کی اطاعت و پیروی دنیا و مافیہا سے بہتر اور افضل ہے۔
انہوں نے عید کے موقع پر پاکی وصفائی کو اختیارکرنے کی بھی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ راستوں اور گذرگاہوں پرقربانی نہ کریں۔ صفائی،ستھرائی کا مکمل خیال رکھیں۔اپنے عمل سے کسی کو ایذا نہ پہنچائیں۔ قربانی کے بعد خون،فضلات اور زائد اجزاء کو دفن کردیں یا کوڑا کرکٹ کے متعینہ مقامات تک پہنچائیں
۔آخرمیں اپنے دُعائیہ کلمات میں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اس عید کو ہم سب کے لیے عیدسعید بنائے۔ تمام مسلمانوں بالخصوص حجاج کرام کے حج ودیگر عبادتوں کو قبول کرے اور اُمت مسلمہ بالخصوص اہل غزہ،فلسطینیوں پرآزمائشوں کا خاتمہ فرمائے۔انہوں نے تمام مسلمانوں سے اہل فلسطین کو اپنی دعاوں میں یاد رکھنے کی تلقین کی۔