جنرل نیوز

اُردو اساتذہ کے مسائل کی یکسوئی کیلئے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیداروں ساتھ عنقریب اجلاس: محمد علی شبیر

ڈی ای او نظام آباد سے کانگریس اقلیتی قائدین کی اساتذہ کے دیرینہ مسائل کے سلسلہ میں نمائندگی 

نظام آباد:27/جون (پریس نوٹ) جناب محمد علی شبیر مشیر ریاستی حکومت برائے درج فہرست و اقلیتی طبقات سے  ضلع نظام آباد کے اُردو ٹیچرس یونین قائدین نے  مختلف دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کیلئے نمائندگی کی ۔ جس پر انہوں نے فوری طورپر اسسٹنٹ ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن ڈاکٹر لنگیا سے فون پر ربط پیدا کرتے ہوئے ان مسائل کی یکسوئی عمل میں لانے کی ہدایت دی تھی

 

اور نظام آباد کے سینئر اقلیتی قائدین کو ڈی ای او نظام آباد سے ملاقات کرتے ہوئے ان مسائل کے بارے میں تفصیلات سے واقف کرانے اور نمائندگی کرنے کی خواہش کی تھی جس پر آج کانگریس کے اقلیتی قائد ین کے ایک وفد نے جو جناب سید نجیب علی ایڈوکیٹ، اشفاق احمد خان پاپا، محمد ہارون خان رکن ریاستی پولیوشن بورڈ و کارپوریٹر، محمد مجاہد خان سابق کارپوریٹر، سمیر احمد، نظیر الدین ڈبو کونسلر بودھن، عمران احمد، محمد عارف الدین اور دوسروں پر مشتمل تھا ڈی ای او نظام آباد سے ٹیچرس یونین قائدین کے ہمراہ ملاقات کی

 

اور مختلف اُمور و مسائل پر تفصیلی نمائندگی کی حالیہ اسسٹنٹ ٹیچرس پروموشن کے لئے تین اساتذہ کو قواعد نظر انداز کرتے ہوئے روکدیا گیا اس مسئلہ پر انہیں فوری اثر کے ساتھ ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن سے اجازت لیتے ہوئے ان اساتذہ کی ترقی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا جس پر انہوں نے محکمہ کی جانب سے ان اساتذہ کے اہل قرار دئیے جانے اور اُنہیں پروموشن دئیے جانے کی سفارش پر مبنی مکتوب وفد کے حوالے کیا۔ اس موقع پر نظام آباد و ضلع میں تین مدارس منٹراج پلی، سرکنڈہ، والگوٹ بند کئے جانے کی وجوہات کے سلسلہ میں ڈی ای او نے بتایاکہ طلباء کی عدم موجودگی کے باعث یہ مدارس بند کردئیے گئے اگر طلباء فراہم کئے جائیں تو اِن مدارس کا دوبارہ آغاز کیاجاسکتا ہے

 

۔اُردو میڈیم اسکولس میں درکار اُردو اساتذہ کے سلسلہ میں موجودہ موقف اور مجوزہ ڈی ایس سی میں مخلوعہ جائیدادوں کو پر کئے جانے کے موقف کے بارے میں بھی انہوں نے تفصیلات سے واقف کرایا اور بتایاکہ درکار اساتذہ کو ڈی ایس سی اعلامیہ میں شامل کیا گیا۔ انہوں نے بتایاکہ ٹیچرس کی مخلوعہ جائیدادوں کو ڈی ایس سی کے ذریعہ پر کئے جانے کے بعد اُردو مدارس میں اساتذہ کی کمی کو پورا کیاجاسکتا ہے روسٹر سسٹم اور دیگر فنی اُمور سے بھی انہوں نے واقف کرایا جس کے ذریعہ اُردو اساتذہ کی بھرتی اثر انداز ہورہی ہے۔

 

نظام آباد ڈائیٹ میں فوری اثر کے ساتھ تین اساتذہ کو تین یوم کیلئے ڈیپوٹیشن دیا گیا جس کے ذریعہ عارضی طورپر فی الفور ڈائیٹ لیکچررس کی کمی کو پورا کیا جائے گا۔ مدھو ملنچہ ہائی اسکول اُردو میڈیم میں جہاں 350اُردو میڈیم میں طلباء زیر تعلیم ہیں اندرون 10یوم اساتذہ کی تعیناتی عمل میں لانے کا تیقن دیا۔ ڈی ای او نے محکمہ جاتی سطح پر درپیش مشکلات سے بھی وفد کو واقف کرایا بعد ازاں وفد نے جناب محمد علی شبیر سے فون پر ربط پید اکرتے ہوئے کی گئی نمائندگی سے واقف کرایا اور بعض اُمور و مسائل میں ریاستی سطح پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

 

جناب محمد علی شبیر نے اُردو اساتذہ کو تیقن دیا کہ وہ محکمہ تعلیمات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس طلب کرتے ہوئے ان اُمور و مسائل کے بارے میں مستقل مسائل کی یکسوئی کے اقدامات کریں گے۔ آج کی ملاقات کے موقع پر ٹیچرس یونین کے قائدین محمد سلیم، ایس اے نعیم، محمد ثناء اللہ، کے علاوہ اساتذہ کی انجمنوں کے عہدیدار بھی وفد کے ہمراہ موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button