مقدس فریضہ حج ادا کرنے والے شاہی مہمانوں کی امامِ مسجدالحرام سے ملاقات

حیدرآباد۔ سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی خصوصی دعوت پر شاہی مہمان کی حیثیت سے فریضہ حج ادا کرنے والے ہندوستان وفد نے مقدس فریضہ حج کی تکمیل کے بعد کئی اہم مذہبی شخصیات سے ملاقات کی۔ نئی دہلی سے اس وفد میں شامل جناب اعجاز بھٹ نے شیخ صالح ابن عبداللہ ابن حمید (امام مسجد الحرام مکہ مکرمہ و رکن مجلس الشوری حکومت سعودی عربیہ) سے خصوصی ملاقات کی اور ان سے اظہار تشکر کیا۔ جناب اعجاز بھٹ دہلی کی ایک معروف کمپنی میں پبلک ریلیشن مینیجر کے طورپر خدمت انجام دے رہے ہیں۔ وہ اسلامک یونیورسٹی مدینہ شریف اور جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی سے بالترتیب گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ڈگریز رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی عرب حکومت کی جانب سے ہر سال دنیا بھر کی اہم شخصیات کو حج بیت اللہ کے لئے شاہی خرچ پر خصوصی مہمان کے طورپر دعوت دی جاتی ہے۔امسال دنیا بھر سے ایک ہزار سے زائد معروف اسلامی اسکالرس، نامور صحافی، دانشوران کو فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے دعوت دی گئی تھی۔ ان شخصیات میں جہاں نئی دہلی سے اعجاز بھٹ شامل تھے وہیں ان کے ساتھ تلنگانہ حیدرآباد کی نمائندگی سید امیر اللہ حسینی(چیف پیاٹرن انٹرنیشنل جرنلسٹس فریٹرنٹی فورم (آئی جے ایف ایف) نے کی تھی۔ وفد میں شامل تمام شخصیات نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، کراون پرنس محمد بن سلمان آل سعود، عزت مآب عبدالطیف الشیخ وزیر اسلامی امور سعودی عربیہ کے علاوہ سفیر سعودی عرب متعینہ ہند عزت مآب صالح بن عید الحسینی و دیگر سے اظہار تشکر کیا ہے۔۔